بلوچستان میں سرکاری اداروں کی نجکاری کا عمل حکومت کی ناکامی اور نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے : غلام نبی مری

بلوچستان میں سرکاری اداروں کی نجکاری کا عمل حکومت کی ناکامی اور نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے : غلام نبی مری
بلوچستان نیشنل پارٹی کے سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری اور سابقہ ضلعی انفارمیشن سیکریٹری نسیم جاوید ہزارہ نے سرکاری اداروں کی نجکاری کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرکاری اداروں کی نجکاری کا عمل حکومت کی ناکامی اور نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے خصوصا سرکاری ہسپتالوں کو پرائیویٹ اداروں کی تحویل میں دینے کا فیصلہ غریب عوام کو صحت کی سہولت سے محروم کرنے کے مترادف ہے، شدید مہنگائی اور بیروزگاری نے پہلے سے ہی عوام کو نڈھال کر کے رکھ دیا ہے اس پر سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی جو تھوڑی بہت سہولت میسر تھی وہ بھی عوام سے چھین لینے کی سازش کی جا رہی ہے جو کسی صورت میں قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ صحت اور تعلیم کسی بھی انسانی سماج کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، دنیا بھر کے ممالک میں ان دونوں محکموں کو حکومت کی زیر نگرانی چلائے جاتے ہیں لیکن یہاں الٹی گنگا بہتی ہے، اگر حکومت میں تھوڑی بہت عوام دوستی کا جذبہ ہوتا تو یہاں عوام کی سہولت کے لیے مزید سرکاری ہسپتال اور سکول قائم کرنے کے منصوبے بنائے جاتے مگر افسوس کہ سرکاری محکموں کی نجکاری سے حکومت اپنی عوام دشمنی کو ثابت کر رہی ہے وہ عوام کو مزید سہولتیں دینے کی بجائے مزید مسائل پیدا کر رہی ہیں، کوئٹہ شہر میں قائم باچاخان ہسپتال کو پرائیویٹائز کرنے کی مصدقہ اطلاعات سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اس کے علاوہ ٹراما سنٹر سول ہسپتال کو بند کرنے کی باتیں بھی سننے میں آ رہی ہیں ویسے بھی کوئٹہ شہر میں پرائیویٹ ہسپتالوں کی بھر مار ہے جہاں اتنا مہنگا علاج کیا جاتا ہے جو ایک عام اور غریب انسان کے برداشت سے باہر ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نجکاری کے عمل کو فوری طور پر معطل کر کے عوام کے علاج معالجے کے لئے مزید سرکاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مہنگائی کے اس دور میں عوام کو جینے کا پورا حق دیا جا سکے جس کے لئے وہ بلوں کی ادائیگی اور ضرورت کی اشیاء خریدنے کی مد میں ٹیکس ادا کرتے ہیں اگر نجکاری کے اس عوام دشمن عمل کو فوری طور پر نہیں روکا گیا تو ہم بھر پور احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.