بلوچستان ہائی کورٹ نے کوئٹہ میں 227 غیر قانونی ٹیوب ویلوں سے متعلق پی ایچ ای کی رپورٹ مسترد کر دی، جامع سروے کا حکم

بلوچستان ہائی کورٹ نے کوئٹہ میں 227 غیر قانونی ٹیوب ویلوں سے متعلق پی ایچ ای کی رپورٹ مسترد کر دی، جامع سروے کا حکم
کوئٹہ (خ ن)بلوچستان ہائی کورٹ نے کوئٹہ شہر اور گردونواح میں غیر قانونی ٹیوب ویلوں سے متعلق محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی کی رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی اور شہر بھر میں تمام ٹیوب ویلوں کا ازسرنو جامع سروے کرانے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے سیکرٹری پی ایچ ای کو غیر قانونی ٹیوب ویلوں کی نشاندہی کے لیے مؤثر ٹیم تشکیل دینے اور مکمل تفصیلات پر مشتمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت کو ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ایسٹ کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ضلع میں مجموعی طور پر 295 ٹیوب ویلوں میں سے صرف 68 کے پاس این او سی موجود ہے جبکہ 227 ٹیوب ویل بغیر این او سی کے کام کر رہے ہیں۔ عدالت نے کوئٹہ میں ٹیوب ویلوں کی مجموعی تعداد اور ان کی قانونی حیثیت سے متعلق نامکمل رپورٹ بھی مسترد کرتے ہوئے تمام ٹیوب ویلوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے سرکاری ٹیوب ویلوں پر مبینہ غیر قانونی قبضوں کا معاملہ ڈپٹی کمشنرز کوئٹہ ایسٹ اور ویسٹ کے سپرد کرتے ہوئے انکوائری کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے سرکاری ٹیوب ویلوں پر غیر قانونی طور پر قابض افراد اور اس عمل میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔ سماعت کے دوران بی واسا حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نجی ٹیوب ویلوں سے پانی کی فراہمی کے لیے استعمال ہونے والی بی واسا کی تقریباً 80 فیصد پائپ لائنیں منقطع کی جا چکی ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ہزارہ ٹاؤن کے سات بلاکس کو خرخسہ ڈیم کے اطراف قائم نو ٹیوب ویلوں سے پانی فراہم کیا جا رہا ہے تاہم پانی کی فراہمی غیر باقاعدہ اور محدود ہے۔ اس پر بی واسا حکام نے عدالت کو بتایا کہ اختر آباد ڈیم کے قریب قائم پانچ ٹیوب ویل بجلی، پائپ لائنوں اور دیگر تعمیراتی کاموں کی عدم تکمیل کے باعث تاحال فعال نہیں ہو سکے جبکہ سجاول آباد کے چار ٹیوب ویلوں سے ہزارہ ٹاؤن کے آبی ذخائر کو پانی فراہم کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ عدالت کو مزید بتایا گیا کہ ہزارہ ٹاؤن کے مشرقی اور مغربی علاقوں کو خرخسہ ڈیم کے نو ٹیوب ویلوں سے متبادل دنوں میں پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ بلوچستان ہائی کورٹ نے پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے خستہ حال پائپ لائنوں کی فوری مرمت اور تبدیلی کا حکم دیتے ہوئے بی واسا کے متعلقہ انجینئر کو تمام ضروری کام بلا تاخیر مکمل کرنے اور آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔ عدالت نے سیکرٹری پی ایچ ای کو کوئٹہ شہر اور گردونواح میں مستقبل میں پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے جامع منصوبہ بندی پر مبنی رپورٹ بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس محمد نجم الدین مینگل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے آئینی درخواست کی سماعت کی اور کیس کی مزید سماعت 23 دسمبر 2026 تک ملتوی کر دی۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.