کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑنے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران سے اہم ملاقات کی، جس میں ڈاکٹرز کو درپیش مسائل، عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور جاری احتجاج کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے،جہاں کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے ینگ ڈاکٹرز کے جائز مطالبات کو سنجیدگی سے سننے اور متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر ان کے حل کے لیے موثر اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، لہٰذا عوامی مفاد کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔مذاکرات کے بعد ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کل ہونے والا احتجاجی دھرنا موخر کرنے اور او پی ڈیز کے بائیکاٹ کو فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا۔ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے کہا کہ کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی یقین دہانیوں اور مثبت پیش رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے احتجاج مخر کیا جا رہا ہے تاکہ مذاکرات کا عمل جاری رہ سکے۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے مزید اعلان کیا کہ کل سے صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں تمام او پی ڈیز معمول کے مطابق فعال ہوں گی اور مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی بغیر کسی تعطل کے جاری رہے گی۔اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے ینگ ڈاکٹرز کے تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باہمی اعتماد اور مسلسل مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل خوش اسلوبی سے حل کیے جائیں گے اور عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].