کوئٹہ(خ ن)قائم مقام گورنر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر)عبدالخالق خان اچکزئی نے محمد ذیشان علی کی چین کے شین ژو 24 خلائی مشن میں بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ شمولیت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان اور بلوچستان محفوظ ہاتھوں میں ہیں، سیکیورٹی فورسز ملک کے دفاع اور صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے موثر کردار ادا کر رہی ہیں گرین ایکسپو کا انعقاد موسمیاتی تبدیلی ،اس کے مسائل اور چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے اہمیت کا حامل ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایکسپو کے پیغام اور اس کے مثبت اثرات زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائے جائیں تاکہ عوام میں ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق شعور اجاگر ہو اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے ان چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بیوٹمز یونیورسٹی میں گرین ایکسپو کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔عبدالخالق خان اچکزئی نے پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی کو چین کے تعاون سے کامیاب خلائی مشن میں شرکت پر اہل بلوچستان کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی عالمی سطح پر پاکستانی قوم کی صلاحیتوں، عزم اور غیر معمولی استعداد کا واضح ثبوت ہے، جس پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان محفوظ ہاتھوں میں ہیں، سیکیورٹی فورسز ملک کے دفاع اور صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے موثر کردار ادا کر رہی ہیں۔ بلوچستان پراکسی وار کا مرکز بنا ہوا ہے اور بین الاقوامی کھلاڑی اپنے مفادات کے لیے مختلف کھیل کھیل رہے ہیں، تاہم وفاقی و صوبائی حکومتیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ طور پر ان چیلنجز کا مقابلہ کر رہے ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیوں کے نتیجے میں ان کی کمر توڑ دی گئی ہے۔قائم مقام گورنر نے کہا کہ کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین ایک پیشہ ور فوجی افسر ہیں۔ ان کے بیان کے مطابق جلد بلوچستان کی قومی شاہراہیں محفوظ ہوں گی اور سفر کے لیے کھول دی جائیں گی، جو عوام کے لیے ایک بڑی پیشرفت اور ریلیف ثابت ہوگی۔ قومی شاہراہوں پر محفوظ سفر کا مسئلہ طویل عرصے سے عوام کو درپیش ہے اور امید ہے کہ عام پاکستانیوں اور اہل بلوچستان کے تعاون سے حالات مزید بہتر ہوں گے۔موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کے اثرات سے دنیا کے متعدد ممالک متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں موسمیاتی تبدیلی کے مسائل کو سمجھنے اور ان کے تدارک کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ گرین ایکسپو کا انعقاد بھی انہی مسائل اور چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے اہمیت کا حامل ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایکسپو کے پیغام اور اس کے مثبت اثرات زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائے جائیں تاکہ عوام میں ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق شعور اجاگر ہو اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے ان چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].