سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی آغا فیصل کی زیر صدارت یومِ آزادی 14 اگست کی تقریبات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس

سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی آغا فیصل کی زیر صدارت یومِ آزادی 14 اگست کی تقریبات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس
کوئٹہ (خ ن)سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (ایس اینڈ جی اے ڈی) بلوچستان آغا فیصل کی زیر صدارت یومِ آزادی 14 اگست کی تقریبات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں متفقہ طور پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پورے بلوچستان میں یوم آزادی پورے قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس اہم اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں اور انتظامی اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آغا فیصل نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی واضح ہدایات ہیں کہ یومِ آزادی کے موقع پر تمام انتظامات بہترین، منظم اور بروقت مکمل کیے جائیں، لہٰذا تمام محکمے اپنے دائرۂ اختیار میں آنے والے امور کو فوری طور پر حتمی شکل دیں۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ ضلعی سطح پر پرچم کشائی کی تقریبات مقررہ وقت پر منعقد کی جائیں اور وقت کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، جبکہ تقریبات کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے ساتھ ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کے لیے کھانے، پینے کے صاف پانی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔ سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی نے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے اور زندہ قومیں اپنے یومِ آزادی کو شکرگزاری، وقار اور قومی جذبے کے ساتھ مناتی ہیں، لہٰذا ہم سب پر لازم ہے کہ اس قومی موقع پر اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری، احساسِ ذمہ داری اور قومی جذبے کے ساتھ انجام دیں تاکہ یومِ آزادی کی تقریبات قومی شان و شوکت اور نظم و ضبط کی بہترین مثال بن سکیں۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.