میر حاصل خان بزنجو ۔۔۔ تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

میر حاصل خان بزنجو ۔۔۔ تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
میر حاصل خان بزنجو 3 فروری 1958 کو نال ضلع خضدار میں پیدا ہوئے. والد گرامی کا نام بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو تھا۔ کراچی یونیورسٹی سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔شاندار خاندانی سیاسی پسمنظر کی وجہ سے میر حاصل خان بزنجو نے زمانہ طالب علمی ہی سے سیاست شروع کی۔ انہوں نے نہ صرف بڑے میر صاحب کی سیاست کو آگے بڑھایا بلکہ انہوں نے اپنی ایک الگ سیاسی شناخت بھی قائم کی۔ وہ جمہوری اور پارلیمانی سیاست کے حامی تھے ان کے خیال میں بلوچستان کے پیچیدہ سیاسی مسائل کا حل پارلیمانی اور جمہوری سیاست کے ذریعے ہی ممکن کن ہے۔ میر حاصل خان بزنجو نے عملی سیاست کا آغاز پاکستان نیشنل پارٹی سے کیا۔ 1990ء کے عام انتخابات میں پہلی بار ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ 1997ء کے انتخابات میں دوسری بار کامیابی حاصل کی۔ 1997 - 98 میں بلوچستان نیشنل پارٹی BNP کے سیکریٹری جنرل بنے۔ اس کے بعد وہ بلوچستان نیشنل ڈیمو کریٹک پارٹی کے قائد بنے۔ 2003 میں بلوچستان نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی اور بلوچستان نیشنل موومنٹ کے انضمام سے نیشنل پارٹی وجود میں آئی۔ نیشنل پارٹی کے قیام کا مقصد بلوچستان میں غیر قبائلی، متوسط طبقے اور قوم پرست سیاسی قوت کو منظم کرنا تھا۔ وہ نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما، جنرل سیکریٹری اور صدر بھی بنے. میر حاصل خان بزنجو 2008ء اور 2015 ء میں ایوان بالا یعنی سینیٹ کے ممبر منتخب ہوئے۔ قومی اسمبلی کی طرح انہوں نے سینیٹ میں بھی سرگرم سیاسی کردار ادا کیا۔ وہ 2016 میں بندرگاہوں اور جہاز رانی کے وفاقی وزیر بنے۔ میر حاصل خان کا سیاسی مؤقف بالکل واضح تھا۔ وہ عسکریت پسندی کے خلاف تھے۔ ان کی سیاست کا بنیادی محور بلوچستان کے سیاسی، معاشی اور آئینی حقوق تھے۔ 2019ء میں سینیٹ چیئرمین کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے دوران میر حاصل خان اپوزیشن اتحاد کے مشترکہ امیدوار تھے۔ عدم اعتماد کے دوران بدترین دھاندلی کے خلاف انہوں نے سینیٹ میں تاریخی خطاب میں نام لے کر بالادست غیر سیاسی قوتوں کو بےنقاب کیا۔ 20 اگست 2020ء کو کینسر جیسی موزی مرض سے لڑتے ہوئے انتقال کر گئے۔ اپنی جاندار اور شاندار سیاسی کردار کی وجہ سے صدیوں زندہ رہیں گے۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.