میر رضا کے والدکے وکیل نے سندھ حکومت کا جوڈیشل کمیشن بنانےکا فیصلہ مستردکردیا

میر رضا کے والدکے وکیل نے سندھ حکومت کا جوڈیشل کمیشن بنانےکا فیصلہ مستردکردیا
کراچی(جیو نیوز)کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کے والدکے وکیل جبران ناصر نے سندھ حکومت کا جوڈیشل کمیشن بنانےکا فیصلہ مسترد کردیا۔ جیو نیوز سےگفتگو میں وکیل جبران ناصرکا کہنا تھا کہ میر رضا کے اہلخانہ کل جے آئی ٹی کے لیے ہائی کورٹ جائیں گے اور جوڈیشل کمیشن کی مخالفت کریں گے، میر رضا کے اہلخانہ کو بتائے بغیر جوڈیشل کمیشن بنایا گیا اور تحقیقات کے ٹی او آرز پبلک نہیں کیےگئے۔ جبران ناصر کا کہنا تھا کہ پولیس تحقیقاتی رپورٹ کل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرےگی، پولیس رپورٹ پیش کرنے سے پہلے سندھ حکومت نے جوڈیشل کمیشن کا اعلان کیوں کیا؟ کیا اس کی وجہ یہ ہےکہ وہ پولیس کی تفتیش کے نتائج کو جانتے ہیں اور وہ اس سے متفق نہیں ہیں؟ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جے آئی ٹی کیوں نہیں بنائی گئی ؟ پولیس افسران کے مجرمانہ رویےکی تحقیقات کیوں نہیں ہوئیں؟ دوسری جانب میر رضا کی بہن نے والد اور والدہ کے ہمراہ جاری ویڈیو بیان میں کہا ہےکہ جوڈیشل کمیشن سے متعلق ہمیں میڈیا سے پتا لگا ہے، پولیس نے24 اگست تک اپنی رپورٹ جمع کرنی تھی، رپورٹ ابھی تک باہر نہیں آئی ہے، نہ جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آر بتائےگئے ہیں۔ میر رضا کی بہن کا کہنا تھا کہ کیا انہیں پہلے سے پتہ ہے رپورٹ میں کیا ہے، ہم اس فیصلے کے ساتھ نہیں ہیں، ہم شروع سے تحقیقات سے مطمئن نہیں ہیں، نہ پولیس کی انکوائری کی جارہی ہے،کس بنیاد پر یہ کمیشن بنایا جارہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے 19 اگست کو وزیراعلیٰ کوخط لکھ کر سوال کیےتھے، ہم نے جے آئی ٹی کی بات کی تھی، ہم کل صبح ہائی کورٹ جائیں گے،ہم جوڈیشل کمیشن کی مخالفت کرتے ہیں۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.