کوئٹہ (خ ن)وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے محمود خان اچکزئی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کا نام نہ لینا خوف کے مترادف ہے، سرانان حملے کی ذمہ داری ایک دہشتگرد تنظیم قبول کرچکی ہے۔
اپنے بیان میں وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ لیڈران کو اپنی جان کے خوف کی وجہ سے شارٹ کٹ اختیار نہیں کرنا چاہیے۔ محمود خان اچکزئی اپنی جان کے خوف کی وجہ سے دہشتگردوں کا نام نہ لے کر غلط بیانی کر رہے ہیں۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ یہ وہ خوف اور ڈر ہے جو ہمارے لیڈروں کے دلوں سے نہیں نکل سکتا، ایسا رویہ دوغلے پن کے مترادف ہے۔ کچھ لیڈرز شارٹ کٹ اپناتے ہوئے ساری ذمہ داری حکومت کے کھاتے میں ڈال دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لیڈران کو اپنی جان کا خوف لگا ہوا ہے، جس کی وجہ سے وہ دہشتگرد تنظیموں کا نام لینے سے گریزاں ہیں۔ عوام سے اصل حقائق چھپا کر سارا ملبہ حکومت پر ڈالنا درست نہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک حقیقی لیڈر کو میدان میں عوام کی قیادت کرنی چاہیے اور سچائی لوگوں تک پہنچانی چاہیے۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ پشتونوں کو اصل حقائق اور سچائی بتانے کے بجائے غلط راستہ دکھانا پشتون دوستی نہیں بلکہ پشتونوں سے کھلی دشمنی ہے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].