کوئٹہ(خ ن)معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے پشین کے علاقے سرانان میں سڑک پر کام کرنے والے چار نہتے مزدوروں کی شہادت کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ کالعدم دہشت گرد تنظیم کی جانب سے نہتے مزدوروں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ اور انسانیت دشمن عمل ہے۔ دہشت گرد معصوم شہریوں، مزدوروں اور مسافروں کو سافٹ ٹارگٹ سمجھ کر نشانہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد صوبائی حکومت نے تمام متعلقہ سیکیورٹی اداروں اور فورسز کو الرٹ کردیا ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہیں اور ملوث عناصر کا تعاقب جاری ہے۔معاون برائے داخلہ نے کہا کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ معصوم مزدوروں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔بابر یوسفزئی نے شہید مزدوروں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].