کوئٹہ(خ ن)صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ کی زیرِ صدارت صوبے میں جاری وفاقی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں سیکریٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان چیف انجینئر فیڈرل پروجیکٹس ڈاکٹر سجاد بلوچ مختلف منصوبوں کے پروجیکٹ ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اجلاس کے دوران چیف انجینئر فیڈرل پروجیکٹس ڈاکٹر سجاد بلوچ نے صوبے میں جاری تمام وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت منصوبوں کی تکمیل کے لیے مقررہ ٹائم فریم درپیش مالی و تکنیکی مشکلات اور دیگر متعلقہ امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر سیکریٹری مواصلات وتعمیرات بابر خان نے کہا کہ صوبے میں جاری وفاقی منصوبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں جن کی تکمیل سے صوبے کے بنیادی ڈھانچے میں نمایاں بہتری آئے گی اور ترقی کے عمل میں ایک نئی رفتار پیدا ہوگی انہوں نے کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کی جانب سے ان منصوبوں پر پیش رفت کا تسلسل کے ساتھ جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے مزید کہا کہ منصوبوں کی راہ میں حائل مالی یا تکنیکی نوعیت کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ترقیاتی کام مقررہ مدت کے اندر مکمل ہوں اور عوام کو ان کے ثمرات جلد از جلد حاصل ہو سکیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود ترقیاتی منصوبوں کو جاری رکھنا اور انہیں تکمیل کی جانب لے جانا قابلِ تحسین اقدام ہے انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وفاقی منصوبوں پر کام کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے اور منصوبوں کی بروقت تکمیل میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ منصوبے صوبے کے عوام کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں اور ان کی تکمیل سے نہ صرف بنیادی ڈھانچے میں بہتری آئے گی بلکہ عوام کو سفری سہولیات کے حوالے سے درپیش مشکلات میں بھی نمایاں کمی واقع ہوگی انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے بلوچستان کے لیے اہم نوعیت کے متعدد منصوبے فراہم کیے گئے ہیں جن سے صوبے کی معاشی و سماجی ترقی کو فروغ ملے گا صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے ان منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنائیں اور ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر عملی جامہ پہنانے کے لیے موثر حکمتِ عملی اختیار کریں انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے کی ترقی اور عوام کو بہتر سفری و بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے جبکہ وفاقی منصوبوں کی بروقت تکمیل اس سلسلے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].