بی ایس ڈی آئی کے تحت پائیدار ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد سے عوامی سہولیات میں بہتری آ رہی ہے:کمشنر لسبیلہ

بی ایس ڈی آئی کے تحت پائیدار ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد سے عوامی سہولیات میں بہتری آ رہی ہے:کمشنر لسبیلہ
لسبیلہ(خ ن)کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطا نے کہا ہے کہ بلوچستان سوشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (BSDI) کی بدولت پائیدار ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد سے بہتری آ رہی ہے۔ ترقیاتی امور کی موثر مانیٹرنگ کے ذریعے مفادِ عامہ کے جاری منصوبوں سے عوام کو سہولیات اور خدمات کی فراہمی بہتر ہو رہی ہے۔یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس اوتھل کے کانفرنس ہال میں ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ نے بریفنگ میں بتایا کہ BSDI کے تحت فیز ون میں 27، فیز ٹو میں 11 جبکہ فیز تھری میں 65 ترقیاتی منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔ خواتین کے لیے علیحدہ پبلک لائبریری اور لاکھڑا میں بنیادی صحت کے پروگرام کے تحت رورل ہیلتھ سینٹر کی تعمیر بھی ترقیاتی پروگرام میں شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ تعلیم، آب نوشی، صحت، کھیلوں، عمارتوں، سڑکوں کی تعمیر و بحالی اور میونسپل سروسز کی فراہمی سے متعلق منصوبوں کو فیز تھری میں ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا گیا ہے۔ تمام ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے ٹینڈرز اپ لوڈ کر دیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ میں مزید بتایا کہ کسان کارڈ پروگرام پر عملدرآمد اور زمینداروں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ زمینداروں نے ایف بی آر کے ساتھ رجسٹریشن کے لیے بھی پراسیس شروع کر دیا ہے۔کمشنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع لسبیلہ میں سبزی منڈی نہ ہونے کے باعث کسان سال بھر کی محنت کے ثمرات سے محروم رہتے ہیں اور بیوپاری زرعی اجناس سستے داموں خرید لیتے ہیں۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ لسبیلہ، کوئٹہ شاہراہ کی ڈوئلائزیشن کے منصوبے پر این ایچ اے کی زیر نگرانی کام جاری ہے۔ ریونیو ڈیپارٹمنٹ سڑک کی پیمائش اور سیکشن 4 پر کام مکمل کر چکا ہے، جبکہ اب سیکشن 8 کے مرحلے میں اراضیات کی کلیئرنس کا کام اسسٹنٹ کمشنر کنراج کی زیر نگرانی مکمل کیا جا رہا ہے اور اسسمنٹ رپورٹ کی تیاری جاری ہے۔ریونیو ڈیپارٹمنٹ تمام امور کی تصدیق کے بعد اوتھل اور بیلہ کی متاثرہ اراضی کی ریٹ اسسمنٹ رپورٹ کو حتمی شکل دے کر این ایچ اے حکام کو پیش کرے گا۔کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی یقینی بنانے کے لیے لینڈ سروے اور اسسمنٹ رپورٹ جلد از جلد این ایچ اے کو پیش کی جائے، تاکہ کسی بھی مرحلے پر شاہراہ کے ترقیاتی کام متاثر نہ ہوں۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.