غزہ میں 5 لاکھ 50 ہزار لیٹر ایندھن کی اجازت، ضرورت کے مقابلے میں ناکافی ہے، اقوام متحدہ

غزہ میں 5 لاکھ 50 ہزار لیٹر ایندھن کی اجازت، ضرورت کے مقابلے میں ناکافی ہے، اقوام متحدہ
اقوام متحدہ (اے پی پی):اقوام متحدہ نے غزہ میں 5 لاکھ 50 ہزار لیٹر ایندھن داخل ہونے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ فراہم کردہ مقدار بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے۔شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور (او سی ایچ اے) کے مطابق منگل کو غزہ میں داخل ہونے والے ایندھن سے بنیادی خدمات کو جاری رکھنے میں مدد ملے گی، تاہم یہ مقدار کم از کم ضروری ضرورت سے بھی بہت کم ہے۔ او سی ایچ اے نے بتایا کہ گزشتہ جمعرات کو مقبوضہ فلسطینی علاقے کے لیے انسانی امداد کے فنڈ سے 20 لاکھ ڈالر مختص کیے گئے تھے، جبکہ قطر کی جانب سے حالیہ عطیہ بھی غزہ میں طبی مراکز کے لیے ایندھن کی فراہمی کے عارضی اقدامات میں شامل ہے۔اقوام متحدہ کے ادارے نے کہا کہ ایندھن کی مسلسل دستیابی برقرار رکھنے اور طبی سہولیات، پانی کی فراہمی، امدادی کارروائیوں، ملبہ ہٹانے اور دیگر اہم خدمات میں خطرناک حد تک کمی سے بچنے کے لیے فوری طور پر مزید فنڈز درکار ہیں۔او سی ایچ اے کے مطابق غزہ میں بیک اپ جنریٹرز کا وسیع پیمانے پر استعمال پائیدار نہیں، جبکہ انجن آئل، پرزہ جات اور سولر پینلز کی منظوری، تجارتی ایندھن کی داخلے کی اجازت اور غزہ پاور پلانٹ کی سرگرمیوں کی بحالی انتہائی اہم ہے۔ ادارے نے بتایا کہ بارشوں کے موسم سے قبل غزہ میں بے گھر افراد کے لیے قائم 1764 مقامات میں سے 989 کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے یہ مقامات درمیانے سے بلند درجے کے سیلاب کے خطرے والے علاقوں میں واقع ہیں۔ ان مقامات پر تقریباً 10 لاکھ افراد پناہ لیے ہوئے ہیں۔او سی ایچ اے نے کہا کہ بہت سے بے گھر خاندان گزشتہ موسم سرما سے ابتر حالات میں قائم عارضی پناہ گاہوں میں رہ رہے ہیں، جہاں تحفظ، نکاسی آب، گدوں، کمبلوں اور دیگر ضروری اشیائے خانہ کی شدید کمی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق شدید بارشوں کے آغاز کے بعد تقریباً 4 لاکھ افراد کو نقل مکانی کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔ اس سے قبل امدادی شراکت دار نکاسی آب بہتر بنانے، پناہ گاہوں کو مضبوط کرنے اور ضروری سامان و آلات فراہم کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں، تاہم وسائل محدود ہیں اور دستیاب زمین بھی بہت کم رہ گئی ہے۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.