کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کاوشوں اور پارلیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر ولی محمد نورزئی کی مسلسل محنت کے نتیجے میں کوئٹہ میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ حکومت بلوچستان عصمت اللہ قریش اور HBL konnect کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MOU) پر دستخط کیے گئے۔ مفاہمتی یادداشت کا مقصد KUMAK پروگرام کے تحت خصوصی افراد کو مالی معاونت، تعلیمی سہولیات اور دیگر فلاحی اقدامات کی شفاف اور مؤثر فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ KUMAK پروگرام کے تحت حکومت بلوچستان خصوصی افراد کے لیے وظائف اور تعلیمی سہولیات فراہم کرے گی، جن میں پی ایچ ڈی تک تعلیم کے اخراجات بھی حکومت بلوچستان کے خرچ پر یقینی بنائے جائیں گے، جبکہ خصوصی افراد کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے بلاسود قرضوں سمیت دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ HBL konnect کے ذریعے ان سہولیات اور مالی معاونت کی مستحق افراد تک رسائی کو مزید آسان، شفاف اور مؤثر بنایا جائے گا، جس سے خصوصی افراد کی تعلیم، مالی خودمختاری اور معاشرتی شمولیت کے لیے حکومت بلوچستان کے اقدامات کو عملی طور پر مزید تقویت ملے گی۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].