گراں قدر قومی و صوبائی خدمات کے اعتراف میں جمال شاہ کاکڑ کو قائداعظم گولڈ میڈل سے نوازنا خوش آئند ہے: ترجمان مسلم لیگ(ن)

گراں قدر قومی و صوبائی خدمات کے اعتراف میں جمال شاہ کاکڑ کو قائداعظم گولڈ میڈل سے نوازنا خوش آئند ہے: ترجمان مسلم لیگ(ن)
کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ کی صوبے اور ملک کے لیے گراں قدر خدمات، مشکل حالات میں بلوچستان کے عوام کے مسائل کے لیے آواز بلند کرنے، سیاسی و جمہوری جدوجہد اور عوامی خدمت کے اعتراف میں انہیں قائداعظم گولڈ میڈل سے نوازنا خوش آئند ہے، بلوچستان انٹرنیشنل تھنک ٹینک کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جمال شاہ کاکڑ کو ان کی غیر معمولی قومی و صوبائی خدمات کے اعتراف میں یہ اعزازFUS Pakistan، Balochistan International Think Tank اور International Society of Earth Friends Pakistan کی جانب سے دیا گیا ہے، ترجمان نے کہا کہ جمال شاہ کاکڑ نے بلوچستان میں مشکل اور چیلنجنگ سیاسی حالات کے باوجود عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھی۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) بلوچستان کو فعال، منظم اور عوام سے مربوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا اور پارٹی کارکنوں کو متحرک کرکے مسلم لیگ (ن) کے سیاسی کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مسلسل کام کیا۔ترجمان کے مطابق جمال شاہ کاکڑ نے رکن قومی اسمبلی اور این اے 263 کوئٹہ-II کے منتخب نمائندے کی حیثیت سے بلوچستان بالخصوص کوئٹہ کے عوام کو درپیش مسائل کو قومی اسمبلی میں بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمال شاہ کاکڑ نے بلوچستان میں انفراسٹرکچر، قومی شاہراہوں، سڑکوں، مواصلاتی رابطوں، پانی، بجلی، روزگار، نوجوانوں، تعلیم، صحت اور پسماندہ علاقوں کی ترقی سمیت عوامی اہمیت کے مختلف مسائل کو قومی فورم پر اٹھایا۔ بلوچستان کی وسیع جغرافیائی حدود، طویل عرصے سے زیر التوا ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات کی کمی کے معاملے کو بھی انہوں نے مسلسل اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے قومی شاہراہوں اور صوبے کے انفراسٹرکچر کی بہتری کو بلوچستان کے احساسِ محرومی میں کمی کے لیے اہم قرار دیا تھا۔ترجمان نے کہا کہ کوئٹہ، ژوب، چمن، نسئی، قلعہ سیف اللہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں سڑکوں اور مواصلاتی رابطوں کی بہتری، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی جمال شاہ کاکڑ کی پارلیمانی جدوجہد کا اہم حصہ رہی ہے۔ انہوں نے وفاقی سطح پر بلوچستان کے ترقیاتی حصے، نوجوانوں کے لیے روزگار و ہنرمندی کے مواقع اور پانی کے منصوبوں پر بھی آواز اٹھائی ہے۔ مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے ترجمان نے کہا کہ جمال شاہ کاکڑ نے مشکل حالات میں پارٹی کارکنوں کے ساتھ کھڑے رہتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کو بلوچستان میں مزید فعال بنانے، تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کرنے، کارکنوں کو متحرک رکھنے اور عوامی رابطہ مہم کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ جمال شاہ کاکڑ کی سیاست کا محور عوامی مسائل کی نشاندہی، ان کے حل کے لیے متعلقہ فورمز پر آواز اٹھانا اور بلوچستان کے حقوق کے لیے آئینی و جمہوری جدوجہد ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کو قومی اسمبلی میں مؤثر انداز میں پیش کرنا اور وفاقی حکومت کی توجہ صوبے کے پسماندہ علاقوں کی جانب مبذول کرانا جمال شاہ کاکڑ کی پارلیمانی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنے، صوبے کے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے، انفراسٹرکچر بہتر بنانے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم گولڈ میڈل جمال شاہ کاکڑ کی ذاتی کامیابی کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے عوام کی جدوجہد، مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی محنت اور صوبے کے مسائل کو قومی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کا بھی اعتراف ہے۔یہ اعزاز اس امر کا اعتراف ہے کہ مشکل حالات میں عوام کے ساتھ کھڑے رہنے اور بلوچستان کے مسائل کو قومی فورم پر اجاگر کرنے والی سیاسی جدوجہد کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔ترجمان نے بلوچستان انٹرنیشنل تھنک ٹینک اور دیگر متعلقہ اداروں کا جمال شاہ کاکڑ کی خدمات کے اعتراف پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز انہیں بلوچستان کے عوام کی مزید خدمت اور صوبے کے مسائل کے حل کے لیے پہلے سے زیادہ عزم کے ساتھ کردار ادا کرنے کا حوصلہ فراہم کرے گا۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.