لانگ مارچ کا اگلا مرحلہ آج پشاور سے شروع ہوگا، صوبے کے مستقبل کا فیصلہ عوامی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے، بند کمروں میں نہیں: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

لانگ مارچ کا اگلا مرحلہ آج پشاور سے شروع ہوگا، صوبے کے مستقبل کا فیصلہ عوامی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے، بند کمروں میں نہیں: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی
پشاور(بی بی سی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پشاور کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعرات کو لانگ مارچ کے اگلے مرحلے میں بھرپور شرکت کر کے سابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کریں۔ رات گئے جاری کیے گئے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ لانگ مارچ کا اگلا مرحلہ دوپہر دو بجے حیات آباد انڈر پاس سے شروع ہوگا۔ انھوں نے پشاور کے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ بڑی تعداد میں نکل کر یہ پیغام دیں کہ ’پشاور عمران خان کے ساتھ تھا، ساتھ ہے اور ساتھ رہے گا۔‘ سہیل آفریدی نے کہا کہ ان کی حکومت ایسی کسی پالیسی کو قبول نہیں کرے گی جس کے نتیجے میں خیبرپختونخوا میں دوبارہ بدامنی، دہشت گردی اور خونریزی کا راستہ ہموار ہو۔ ان کے بقول صوبے کے مستقبل سے متعلق فیصلے بند کمروں میں نہیں بلکہ عوامی خواہشات اور امنگوں کے مطابق ہونے چاہییں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پشاور صوبے کا دارالحکومت اور ’پھولوں کا شہر‘ ہے، جسے دوبارہ تشدد، گولیوں اور دھماکوں کی نذر نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انھوں نے پشاور کے شہریوں سے لانگ مارچ میں فعال شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام اپنی موجودگی کے ذریعے عمران خان کے ساتھ سیاسی وابستگی اور یکجہتی کا اظہار کریں۔ تحریک انصاف کا لانگ مارچ گذشتہ چند روز سے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے گزرتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.