اسلام آباد(پ ر) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے جمعرات کو اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اسمبلی سیکرٹریٹ میں ان کے چیمبر میں خصوصی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جمال شاہ کاکڑ کا پرتپاک استقبال کیا اور بلوچستان میں پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں اور کارکنوں کے لیے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور شاباش دی۔جمال شاہ کاکڑ نے اسپیکر قومی اسمبلی کو بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی معاملات، پارٹی سرگرمیوں اور کارکنوں سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر سردار ایاز صادق نے بلوچستان میں پارٹی کارکنوں کے لیے پارٹی سیکرٹریٹ کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔ اس موقع پر جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ کارکن پارٹی کا بنیادی سرمایہ ہیں، ان کے مسائل کے حل اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے پارٹی کارکنوں کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر رابطہ اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ تنظیمی امور میں صوبائی وزراء اور اراکین پارلیمان کو بھی مشاورت میں شامل کیا جائے گا تاکہ پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال تنظیمی ڈھانچے میں منظم کیا جاسکے۔اس موقع پر جمال شاہ کاکڑ نے سردار ایاز صادق کی جانب سے بلوچستان کے پارٹی کارکنوں کے مسائل کے حل کے لیے ذاتی دلچسپی لینے اور تعاون کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].