اسلام آباد(بی بی سی)پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ایک بیان میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ماضی کے آمریت پر مبنی اقدامات کی طرح وفاق کا یہ اقدام بھی تاریخ کے کوڑے دان میں جا گرے گا۔‘
پارٹی کی جانب سے ’ایکس‘ پر پوسٹ کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے (جسے بیان میں پاکستان پر ایک غیر اعلانیہ مارشل لا کے ذریعے مسلط کردہ حکومت کہا گیا ہے) عملاً خیبر پختونخوا اسمبلی کو معطل کر دیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا حکومت کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے اس اقدام کے نفاذ کے بعد صوبے کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت دیگر اہم عہدیداروں اغوا کر لیا ہے۔ تاہم بی بی سی پی ٹی آئی کے اس دعوے کی تصدیق سے قاصر ہے اور نہ ہی حکومتی ذمہ داران نے اس حوالے سے کچھ بتایا ہے۔
تحریک انصاف کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان پر مسلط کیے گئے عناصر ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرتے جا رہے ہیں تاکہ ان کی اقتدار پر گرفت برقرار رہے۔‘ بیان کے مطابق وفاقی حکومت عوامی مینڈیٹ سے محروم ہے اور صرف طاقت اور جوڑ توڑ کے ذریعے قائم ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’عاصم منیر، شہباز شریف اور محسن نقوی، جن کی اصل ذمہ داری سرحدوں کا تحفظ اور دہشت گردی کی روک تھام ہے، اپنی بنیادی ذمہ داریوں کو صوبائی حکومت پر ڈال کر دنیا بھر کے دوروں میں مصروف ہیں تاکہ اعداد و شمار تیار کیے جا سکیں اور اپنی شبیہ کو بہتر بنایا جا سکے۔‘
بیان کے اختتام پر پاکستان کے عوام سے سوال کیا گیا ہے کہ آیا وہ ایک غیر قانونی حکومت کے تحت خاموشی سے یہ سب برداشت کرتے رہیں گے یا پھر کھڑے ہو کر پاکستان کو مکمل تباہی سے بچانے کی کوشش کریں گے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].