کراچی ایڈمن سوسائٹی میں زیر تعمیر عمارت کی بالائی منزلیں گرگئیں، ایک شخص جاں بحق، 10 زخمی

کراچی ایڈمن سوسائٹی میں زیر تعمیر عمارت کی بالائی منزلیں گرگئیں، ایک شخص جاں بحق، 10 زخمی
کراچی(جیو نیوز)کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کے بلاک فور میں زیرتعمیر عمارت کی بالائی منزلیں گرگئیں۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ عمارت کے ملبے سے ایک شخص کی لاش نکال لی گئی جبکہ 10 زخمی افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا، زخمیوں میں کچھ افراد کی شناخت نادر حسین، شوکت علی، احمدکے ناموں سے ہوئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق ایک زخمی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونےکی اطلاع ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق 6 منزلہ عمارت گرنے سے قبل ہلنا شروع ہوگئی تھی، ملبہ ہٹانے کیلئے ہیوی مشینری طلب کرلی گئی۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت کی فنشنگ ہورہی تھی جبکہ عمارت میں کوئی بھی رہائش پذیر نہیں تھا۔ کراچی ایڈمن سوسائٹی بلاک 4 میں گرنے والی عمارت 600 گز کے پلاٹ پر تعمیر کی گئی تھی، ایس بی سی اے کے مطابق پلاٹ پر گراؤنڈ پلس 5 عمارت تعمیر تھی، رہائشی پلاٹ پر مبینہ طور پر کمرشل تعمیرات کی گئی تھیں۔ ایس بی سی اے کے مطابق عمارت میں مبینہ طور پر غیر قانونی فلیٹ نما رہائشی پورشنز تعمیر کیے جا رہے تھے، عمارت گرنے کے واقعے کے بعد ایس بی سی اے کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ وزیراعظم کا عمارت گرنےکے واقعے میں شہری کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس وزیراعظم شہبازشریف عمارت گرنے کے واقعے میں ایک شہری کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے مرحوم کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پرطبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.