خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ترقی یافتہ پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، جمال شاہ کاکڑ

خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ترقی یافتہ پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، جمال شاہ کاکڑ
کوئٹہ(دی باغوان)پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا، انہیں مساوی حقوق فراہم کرنا اور زندگی کے تمام شعبوں میں ترقی کے یکساں مواقع دینا پاکستان مسلم لیگ (ن)کی سیاسی سوچ اور ترقیاتی وژن کا اہم حصہ ہے۔ صنفی بنیادوں پر تشدد کا خاتمہ صرف حکومتی ذمہ داری نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، خواتین کو تشدد، ہراسانی، امتیازی سلوک اور معاشرتی ناانصافی سے تحفظ فراہم کیے بغیر ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل ممکن نہیں۔صنفی بنیادوں پر تشدد کے خلاف 16 روزہ عالمی مہم کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ خواتین معاشرے کا نصف حصہ ہیں اور قومی ترقی، معیشت، تعلیم، صحت، سیاست اور سماجی استحکام میں ان کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ خواتین کو محض تحفظ فراہم کرنا ہی کافی نہیں بلکہ انہیں تعلیم، ہنر، روزگار، کاروبار اور فیصلہ سازی کے عمل میں بھرپور شرکت کے مواقع بھی فراہم کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)نے ہمیشہ خواتین کی سیاسی، سماجی اور معاشی خودمختاری کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا ہے۔ پارٹی کی قیادت خواتین کی تعلیم، صحت، تحفظ اور عملی زندگی میں ان کی شمولیت کے لیے اقدامات کی حامی رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن)کے دور میں خواتین کو اعلی سیاسی اور انتظامی عہدوں پر نمائندگی دینے کے ساتھ ساتھ ان کی تعلیمی اور معاشی ترقی کے لیے بھی مختلف اقدامات کیے گئے ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف،بلوچستان کی پہلی خاتون اسپیکر وموجودہ صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمیددرانی زندہ مثالیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے منشور میں خواتین کے حقوق کے تحفظ، تشدد اور ہراسانی کی روک تھام، خواتین کی شرح خواندگی میں اضافے، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، آسان قرضوں کی فراہمی، ہنرمندی کی تربیت، ملازمت کے مواقع اور وراثتی و جائیداد کے حقوق کے تحفظ کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ خواتین کاروباری شخصیات کی حوصلہ افزائی، ورک پلیس پر ڈے کیئر مراکز، کام کرنے والی خواتین کے لیے محفوظ رہائش اور سرکاری و نجی اداروں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانا بھی اسی وژن کا حصہ ہے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے انہیں روایتی شعبوں تک محدود رکھنے کے بجائے جدید ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت، زراعت، صنعت، کاروبار اور دیگر پیشہ ورانہ شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مسلم لیگ (ن)کی قیادت خواتین کے لیے کاروباری قرضوں، فنی و پیشہ ورانہ تربیت اور روزگار کے مواقع بڑھانے پر یقین رکھتی ہے تاکہ خواتین معاشی طور پر خودمختار ہوکر اپنے خاندانوں اور ملکی معیشت کی ترقی میں موثر کردار ادا کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم خواتین کو بااختیار بنانے کا سب سے موثر ذریعہ ہے۔ خواتین کی صحت مند زندگی ہی ایک صحت مند خاندان اور مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ صنفی تشدد کے خلاف 16 روزہ مہم ہمیں یہ احساس دلاتی ہے کہ خواتین کے خلاف گھریلو تشدد، غیرت کے نام پر قتل، کم عمری کی شادی، جبری شادی، ہراسانی، معاشی استحصال اور آن لائن تشدد جیسے مسائل کے خاتمے کے لیے محض آگاہی کافی نہیں بلکہ قوانین پر موثر عملدرآمد، متاثرہ خواتین کو قانونی و سماجی معاونت اور ذمہ دار اداروں کی فعالیت بھی ضروری ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان خواتین کے حقوق، تعلیم، صحت، روزگار، تحفظ اور سیاسی و معاشی خودمختاری کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ بلوچستان کی خواتین باصلاحیت، محنتی اور باہمت ہیں، انہیں مناسب مواقع اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے تو وہ صوبے کی ترقی میں غیر معمولی کردار ادا کرسکتی ہیں۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.