کوئٹہ سے ہر ماہ 40ہزار ٹن سے زائد کچرا اٹھایا جا رہا ہے:کمشنر کوئٹہ کی زیرصدارت شہر میں صفائی کی صورتحال سے متعلق اجلاس میں بریفنگ

کوئٹہ سے ہر ماہ 40ہزار ٹن سے زائد کچرا اٹھایا جا رہا ہے:کمشنر کوئٹہ کی زیرصدارت شہر میں صفائی کی صورتحال سے متعلق اجلاس میں بریفنگ
کوئٹہ(خ ن)کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری کی زیرصدارت شہر میں صفائی کی مجموعی صورتحال اور صفا کوئٹہ کی جانب سے صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او صفاکوئٹہ دل نواز شاہ، پی پی پی کے افسران اور متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سی ای او صفا کوئٹہ کی جانب سے کمشنر کو شہر میں صفائی کی صورتحال، درپیش مسائل، مشکلات اور جاری اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ صفا کوئٹہ گزشتہ تین سال سے شہر میں کوڑا کرکٹ جمع کرنے اور اسے مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے موجودہ سال کے دوران ہر ماہ شہر سے 40 ہزار ٹن سے زائد کچرا اٹھایا جا رہا ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر میں 137 ڈمپنگ سائٹس، 6 ٹرانسفر اسٹیشنز اور 2 لینڈ فل سائٹس موجود ہیں، جن میں ایسٹرن بائی پاس اور کچلاک کے مقامات بھی شامل ہیں۔ کچلاک میں حالیہ دنوں کے دوران ڈمپنگ کا عمل بھی شروع کیا گیا ہے۔مزید بتایا گیا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مشینری، افرادی قوت اور دیگر وسائل کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک 384 ملازمین نے رپورٹ کیا ہے، جن میں سے 170 ملازمین عملی طور پر کام کر رہے ہیں۔بریفنگ کے مطابق کوئٹہ شہر میں دو لاکھ سے زائد گھریلو جبکہ 95 ہزار سے زائد کمرشل صارفین موجود ہیں۔ ڈور ٹو ڈور کچرا جمع کرنے کے نظام کی بدولت شہر میں صفائی کی صورتحال میں مزید بہتری آ رہی ہے۔اس موقع پر نجی شراکت دار کی ادائیگیوں کے طریقہ کار، ٹیکس کٹوتی، جرمانوں اور آڈٹ سرٹیفیکیشن کے حوالے سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری نے ہدایت کی کہ شہر میں صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ڈمپنگ سائٹس سمیت کچرا جمع کرنے کے پوائنٹس کو جلد از جلد صاف کیا جائے۔انہوں نے ڈور ٹو ڈور کچرا جمع کرنے کے نظام کو مزید وسعت دینے اور اس عمل میں بہتری لانے پر بھی زور دیا۔کمشنر نے کہا کہ کوئٹہ شہر کو صفائی کے حوالے سے ایک ماڈل ایریا بنایا جائے تاکہ شہریوں اور آنے والے مہمانوں کو ایک مثبت پیغام ملے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صفائی کے کام میں استعمال ہونے والی تمام گاڑیوں، مشینری اور ملازمین کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے تاکہ صفائی کے عمل کی مثر نگرانی اور کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔کمشنر ذیشان لاشاری نے کوئٹہ کے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں اور کوڑا کرکٹ گلیوں، سڑکوں اور نالیوں میں پھینکنے کے بجائے مقررہ کلیکشن پوائنٹس پر رکھیں یا پلاسٹک کی تھیلیوں میں محفوظ کریں تاکہ کچرا اٹھانے اور اسے ٹھکانے لگانے کے عمل میں آسانی ہو۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.