کلچر ڈپارٹمنٹ کے بعض افسران فنکاروں کو بھکاریوں سے بھی کم تر سمجھتے ہیں اور انہیں کسی قسم کی عزت و اہمیت نہیں دی جاتی: ملک نصیر محمد شہی

کلچر ڈپارٹمنٹ کے بعض افسران فنکاروں کو بھکاریوں سے بھی کم تر سمجھتے ہیں اور انہیں کسی قسم کی عزت و اہمیت نہیں دی جاتی: ملک نصیر محمد شہی
کوئٹہ: شاہین یونائٹیڈ آرٹس فورم بلوچستان کے چیئرمین ملک نصیر محمد شہی نے کہا ہے کہ کلچر ڈپارٹمنٹ کے بعض افسران فنکاروں کو بھکاریوں سے بھی کم تر سمجھتے ہیں اور انہیں کسی قسم کی عزت و اہمیت نہیں دی جاتی۔ فنکاروں کی مسلسل تذلیل کی جا رہی ہے جبکہ مختلف ٹیکنیکل اعتراضات لگا کر انہیں شدید ذہنی اذیت اور مشکلات کا شکار بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین ماہ قبل بعض پینشنرز اور سرکاری ملازمین کو فنکار ویلفیئر فنڈ سے نکال دیا گیا، تاہم حیران کن طور پر کچھ سفارشی افراد، پینشنرز اور سرکاری ملازمین کو آج بھی فنڈز جاری کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جن افراد کو نکالا گیا، ان کے حصے کے فنڈز کہاں گئے اور ان رقموں کا کوئی آڈٹ کیوں نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہاکہ فنکار ویلفیئر فنڈ میں شفافیت کا فقدان ہے اور فنکاروں کو یہ تک نہیں بتایا جاتا کہ فنڈ کے پیسے کہاں خرچ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب فنکار شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں، ان کے بچوں کو اسکولوں سے نکالا جا رہا ہے جبکہ کئی فنکار اپنے اہل خانہ کو دو وقت کی روٹی دینے سے بھی قاصر ہیں۔ ملک نصیر محمد شہی نے کہا کہ صرف بیس ہزار روپے کے ویلفیئر فنڈ کے حصول کے لیے فنکاروں کو بار بار دفاتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں، گھنٹوں لائنوں میں کھڑا رہنا پڑتا ہے اور مختلف افسران کے دفاتر کے باہر گرمی، بھوک اور پیاس میں انتظار کرنا پڑتا ہے، مگر بعض بے حس افسران کو فنکاروں کی مشکلات کا کوئی احساس نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میر سرفراز بگٹی فنکار دوست شخصیت ہیں اور فنکاروں کو ان سے امید وابستہ ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے اپیل کی کہ ان افسران کے ناروا سلوک کا فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ دار افسران و کمیٹی ممبران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فنکاروں کے مسائل حل نہ کیے گئے تو فنکار برادری قانونی اور آئینی حق استعمال کرتے ہوئے پریس کانفرنس، احتجاج اور سڑکوں پر نکلنے سے بھی گریز نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ فنکار معاشرے کا حساس اور مظلوم طبقہ ہیں جنہیں مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فنکاروں کو زمین، رہائش، باعزت روزگار، صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ فنکاروں کے بچوں کے لیے ملازمتوں اور فلاحی پروگراموں کا بھی اعلان کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فنکار ویلفیئر فنڈ سے مستحق فنکاروں کو محروم کرنا ایک غیر قانونی اور غیر اخلاقی عمل ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.