محکمہ آبپاشی کی سرکاری گاڑیوں اور مشینری کی مبینہ کم قیمت پر نیلامی، اینٹی کرپشن نے ڈی جی پی آر آفس کے ملازم کو گرفتار کر لیا

محکمہ آبپاشی کی سرکاری گاڑیوں اور مشینری کی مبینہ کم قیمت پر نیلامی، اینٹی کرپشن نے ڈی جی پی آر آفس کے ملازم کو گرفتار کر لیا
کوئٹہ(پ ر)محکمہ آبپاشی بلوچستان کی قیمتی سرکاری گاڑیوں اور بھاری مشینری کی مبینہ طور پر انتہائی کم قیمت پر نیلامی کے ذریعے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچانے کے مقدمے میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان نے مزید پیش رفت کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (ڈی جی پی آر)آفس کوئٹہ کے ڈیٹا انٹری آپریٹر آغا محمد کو گرفتار کر لیا۔اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ سرکاری گاڑیوں اور مشینری کی نیلامی کا اشتہار مبینہ طور پر جان بوجھ کر معروف اخبارات میں شائع نہیں کیا گیا، تاکہ عام بولی دہندگان کو نیلامی کے عمل سے لاعلم رکھا جا سکے اور من پسند افراد کو کم قیمت پر سرکاری اثاثے فروخت کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ مقدمے میں ملوث دیگر متعلقہ افسران کو بھی تفتیش کے لیے طلب کر لیا گیا ہے، جبکہ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔مقدمے کی تفتیش انویسٹی گیشن آفیسر عزیز احمد کر رہے ہیں، جبکہ ابتدائی تحقیقات ڈپٹی ڈائریکٹر انویسٹی گیشن فرید سخی اور ڈپٹی ڈائریکٹر انویسٹی گیشن شیخ منیر مندوخیل نے کی تھیں۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق مقدمے میں مزید تحقیقات کے دوران دیگر حقائق اور ممکنہ ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.