بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ، ڈیرہ اللہ یار اور مسلم باغ میں کارروائیاں، ملاوٹ شدہ دودھ اور ناقص خوراک فروخت کرنے پر متعدد دکاندار جرمانہ

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ، ڈیرہ اللہ یار اور مسلم باغ میں کارروائیاں، ملاوٹ شدہ دودھ اور ناقص خوراک فروخت کرنے پر متعدد دکاندار جرمانہ
کوئٹہ(پ ر)بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے)کی مختلف انسپیکشن ٹیموں نے کوئٹہ، ڈیرہ اللہ یار اور مسلم باغ میں کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والے مراکز کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد دکانداروں کو جرمانے کیے جبکہ کئی مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کر دیے۔بی ایف اے حکام کے مطابق کوئٹہ کے علاقوں کلی الماس اور قمبرانی روڈ پر ملک سیفٹی ٹیم نے دودھ کی دکانوں کا معائنہ کیا، جہاں دودھ اور دہی کے نمونے لے کر موقع پر ٹیسٹ کیے گئے۔ جانچ کے دوران دودھ اور دہی میں سکمڈ ملک پاڈر اور پانی کی وافر مقدار ملانے کا انکشاف ہوا، جس پر تین ملک شاپس مالکان کو جرمانے کیے گئے جبکہ معمولی نقائص پر چھ مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔اسی طرح ڈیرہ اللہ یار شہر اور اس کے مختلف مضافاتی علاقوں میں زونل انسپیکشن ٹیم نے کریانہ اور جنرل اسٹورز کی چیکنگ کی۔ اس دوران فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی اور ناقص خوراک کی فراہمی پر متعدد دکانداروں کو جرمانے کیے گئے۔ حکام کے مطابق متعلقہ دکانداروں کو اس سے قبل بھی فوڈ بزنس کے لیے لازمی لائسنس حاصل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں، جبکہ معمولی نقائص پر متعدد مراکز کو اصلاحی نوٹسز بھی دیے گئے۔کوئٹہ کے علاقے مری آباد اور خدائیداد روڈ پر کارروائی کے دوران ایک پولٹری شاپ مالک کو صفائی کے ناقص انتظامات، زنگ آلود ریفریجریٹر، گندے فرش اور خراب مرغی کی کلیجی کی برآمدگی پر جرمانہ کیا گیا۔دوسری جانب مسلم باغ کے مین بازار میں بی ایف اے کی زونل انسپیکشن ٹیم نے مختلف کھانے پینے کے مراکز کا معائنہ کیا، جہاں چار ملک شاپس، دو ہوٹلز اور دو جنرل اسٹورز کے مالکان کو جرمانے کیے گئے۔ حکام کے مطابق ان مراکز میں صفائی کی ابتر صورتحال، ورکرز کی ذاتی صفائی کا فقدان، دودھ میں پانی کی ملاوٹ، زنگ آلود ریفریجریٹرز، صارفین کے لیے ٹوٹے ہوئے برتنوں کا استعمال اور کھانے پینے کی اشیا میں ممنوعہ چائنیز نمک استعمال کرنے پر کارروائی کی گئی جبکہ متعدد دیگر مراکز کو معمولی نقائص پر اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔بی ایف اے حکام کا کہنا ہے کہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبے بھر میں خوراک کے کاروبار سے وابستہ مراکز کی نگرانی اور معائنہ جاری رہے گا، جبکہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.