“معرکۂ حق” قومی اتحاد، جرات اور مدبر قیادت کی تاریخی علامت ہے، جمال شاہ کاکڑ

“معرکۂ حق” قومی اتحاد، جرات اور مدبر قیادت کی تاریخی علامت ہے، جمال شاہ کاکڑ
کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکنِ قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے “معرکۂ حق” کو پاکستان کی عسکری، سفارتی اور قومی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مدبرانہ اور مربوط قیادت میں پاکستان نے نہ صرف دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا بلکہ عالمی سطح پر ایک ذمہ دار، پُرامن اور باوقار ریاست کے طور پر اپنا مؤقف بھی موثر انداز میں منوایا۔اپنے ایک خصوصی بیان میں جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ “معرکۂ حق” دراصل پوری قوم کے اتحاد، افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور سیاسی و عسکری قیادت کے باہمی اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہر عالمی فورم پر پاکستان کا مؤقف مدلل انداز میں پیش کیا جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی حکمتِ عملی، جرات مندانہ فیصلوں اور مضبوط قیادت نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے “معرکۂ حق” میں جس پیشہ ورانہ مہارت، صبر اور عزم کا مظاہرہ کیا، اس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ دشمن یہ سمجھتا تھا کہ پاکستان اندرونی طور پر کمزور ہے، مگر پوری قوم نے سیسہ پلائی دیوار بن کر یہ ثابت کر دیا کہ ملکی دفاع کے معاملے پر پاکستانی عوام متحد ہیں۔جمال شاہ کاکڑ نے شہداء اور غازیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ “معرکۂ حق” کی قومی روح کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کو معاشی استحکام، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے اور قومی اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت عوامی فلاح، معاشی بہتری اور قومی یکجہتی کے ایجنڈے پر مسلسل کام کر رہی ہے۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.