جامعہ گوادر معیاری تعلیم کے فروغ طلباء کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کر رہی ہے: وائس چانسلر

جامعہ گوادر معیاری تعلیم کے فروغ طلباء کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کر رہی ہے: وائس چانسلر
جامعہ گوادر کی 11ویں اکیڈمک کونسل کا اجلاس پاک-چائنہ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ گوادر یونیورسٹی کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرازق صابر نے کی۔ اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد، رجسٹرار ڈاکٹر دولت خان، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رحیم بخش مہر، ڈین سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، ڈین سائنس اینڈ انجینئرنگ ڈاکٹر محب اللہ، ڈائریکٹر فنانس رحمت اللہ، ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر رابعہ اسلم، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر محمد ارشاد ، ڈاکٹر عبداللہ (اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ کیمسٹری)، مجاہد حسین (لیکچرر، شعبہ کامرس)، شہیک فتح (چیئرمین، شعبہ کمپیوٹر سائنس)، فاروق حیدر (چیئرمین، شعبہ انگریزی)، لائبریرین غلام سرور اور چیئرمین منیجمنٹ سائنس ڈیپارٹمنٹ فدا حسین نے شرکت کی۔ مزید برآں، آن لائن شرکت کرنے والے معزز اراکین میں ڈاکٹر منصور احمد (نمائندہ برائے کالجز، محکمہ ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن، حکومت بلوچستان) اور محمد طفیل قریشی (ڈپٹی ڈائریکٹر کریکولم، ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان، اسلام آباد) شامل تھے۔ اجلاس کا آغاز 10 نومبر 2025 کو منعقد ہونے والے 10ویں اکیڈمک کونسل اجلاس کے منٹس کی توثیق و منظوری سے ہوا، جس کے بعد گزشتہ فیصلوں پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اکیڈمک کونسل نے تعلیمی و انتظامی امور کے وسیع دائرے پر غور کیا اور متعدد اہم نکات کی منظوری دی۔ ان میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق تمام ڈگری پروگرامز میں مصنوعی ذہانت (AI) کے لازمی 3 کریڈٹ آور کورس کا نفاذ؛ ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ (ASRB) کے ابتدائی اجلاسوں کے منٹس کی منظوری؛ اور مختلف بورڈز آف اسٹڈیز، بشمول زولوجی، کیمسٹری، ایجوکیشن، انگریزی اور مینجمنٹ سائنسز کی کارروائیوں کی توثیق شامل ہیں۔ کونسل نے جامعہ گوادر کے سی پیک اسٹڈی سینٹر کے زیر اہتمام شائع ہونے والے جریدے چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور ریویو (CPECR) کی اشاعت اور جائزے کی منظوری بھی دی۔ مزید برآں یونیورسٹی آف گوادر میں پہلی پی ایچ ڈی پروگرام کی منظوری، ہائر ایجوکیشن کمیشن کی سفارشات کے مطابق مینجمنٹ سائنسز کے شعبے مین شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ دیگر اہم منظوریوں میں مینجمنٹ سائنسز/بزنس ایڈمنسٹریشن میں ایم ایس/ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے کم از کم معیار کو اپنانا، اور جامعہ میں تعلیمی معیار اور تحقیقی پیداوار کو بہتر بنانے کے لیے مختلف شعبہ جات کی سفارشات پر غور شامل تھا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر جامعہ گوادر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرازق صابر نے کہا کہ جامعہ گوادر ہائر ایجوکیشن کمیشن کے معیارات کے مطابق جدید اور معیاری اعلی تعلیم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مینجمنٹ سائنسز میں پی ایچ ڈی پروگرامز کی منظوری اور تمام ڈگری پروگرامز میں مصنوعی ذہانت (AI)، چینی زبان کے کورسز اور طلبا کو ٹیکنیکل اور ووکیشنل اہلیت دینے کا نفاذ اس عزم کا واضح مظہر ہے کہ جامعہ گوادر طلبہ کو عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کی جانب بڑھ رہی ہے، اس لیے جامعات کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ کو جدید علوم، تحقیق، اختراع اور مصنوعی ذہانت جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں مہارت فراہم کریں تاکہ وہ قومی و عالمی سطح پر مثر کردار ادا کر سکیں۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ جامعہ گوادر تحقیقی کلچر کے فروغ، معیاری تدریس، اور بین الاقوامی رجحانات سے ہم آہنگ نصاب کی تشکیل کے ذریعے بلوچستان خصوصا ساحلی خطے کے نوجوانوں کو ترقی کے نئے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ وائس چانسلر اور ہائر ایجوکیشن ھکومت بلوچستان کے نمائندے نے گوادر یونیورسٹی کے آئینی اداروں کی تواتر سے میٹنگ منعقد کرنے پر پرو وائس چانسلر اور رجسٹرار آفس کی کارکردگی کو سراہا، اجلاس کا اختتام چیئر کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ہوا، جہاں اراکین نے وائس چانسلر کی قیادت کو سراہا اور جامعہ گوادر کی تعلیمی و ادارہ جاتی ترقی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.