احسان اللہ خاکسار کی ہزاروں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت، جمال شاہ کاکڑ کا پارٹی کو مزید منظم کرنے کا اعلان

احسان اللہ خاکسار کی ہزاروں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت، جمال شاہ کاکڑ کا پارٹی کو مزید منظم کرنے کا اعلان
کوئٹہ(پ ر) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جو تمام قومیتوں، زبانوں اور مذاہب کی بلاامتیاز نمائندگی اور عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، بلوچستان میں پارٹی کو مزید منظم اور فعال بنانے کے لیے تنظیمی سطح پر ری آرگنائزنگ کا عمل شروع کیا جائے گا جبکہ پارٹی میں شمولیتوں کا سلسلہ 14 نومبر تک جاری رہے گا۔ 13 نومبر کو مسلم لیگ (ن) خواتین کا پاور شو منعقد کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کے مقامی ہال میں منعقدہ عظیم الشان شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیات نسیم الرحمان ملاخیل، حیدر خان اچکزئی، میر یونس بلوچ، عبدالفتح جمالی، فرید افغان، سابق رکن اسمبلی انیتا عرفان، فاطمہ خان، ملک مصلح الدین مینگل، ملک ابرار، نثار خان اچکزئی سمیت دیگر سیاسی و قبائلی رہنما اور کارکنان موجود تھے۔جلسے کے دوران سیاسی و قبائلی رہنما احسان اللہ خاکسار نے ہزاروں ساتھیوں سمیت جمال شاہ کاکڑ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر احسان اللہ خاکسار نے کہا کہ انہیں مسلم لیگ (ن) کا حصہ بننے پر خوشی ہے، کیونکہ اس جماعت نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے جلسے میں عوام کی بڑی تعداد کی شرکت جمال شاہ کاکڑ کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار ہے، وہ عوام کے لیے امید کی کرن بن چکے ہیں۔جمال شاہ کاکڑ نے احسان اللہ خاکسار اور ان کے ساتھیوں کو پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک گلدستے کی مانند ہے، جس میں پشتون، بلوچ، سندھی، سرائیکی، پنجابی اور ہزارہ سمیت تمام قومیتوں کی نمائندگی موجود ہے۔ ہماری جماعت رنگ، نسل، زبان اور مذہب کی تفریق کے بغیر عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہزاروں افراد پر مشتمل اجتماع کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ (ن) ایک عوامی اور سیاسی جماعت ہے۔ احسان اللہ خاکسار اور ان کے ساتھیوں کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط، منظم اور مربوط ہوگی۔ بلوچستان میں خواتین کسی سے پیچھے نہیں، اسی سلسلے میں 13 نومبر کو خواتین کا پاور شو منعقد کیا جائے گا جبکہ 14 نومبر تک پارٹی میں شمولیتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ پارٹی کی تنظیم نو اور ری آرگنائزنگ کا عمل جلد شروع کیا جائے گا تاکہ تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جاسکے۔ کوئٹہ میں گیس اور بجلی کے مسائل کو قومی اسمبلی میں بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ نمود و نمائش کے قائل نہیں اور اپنے حلقے میں مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کا اعزاز بھی پارٹی کارکنوں کو دیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت نے بلوچستان کے لیے 15 ہزار سے 25 ہزار ملازمتوں کا اعلان کیا ہے، جن پر مستحق اور اہل افراد کو بھرتی کیا جائے گا۔ 28 مئی کو پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کا کریڈٹ سابق وزیراعظم نواز شریف کو جاتا ہے جبکہ 10 مئی کی کامیابی کا کریڈٹ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو جاتا ہے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے مشکل ترین حالات کا سامنا کیا اور پارٹی رہنماؤں کو جیلوں میں بھی ڈالا گیا، لیکن کسی نے جماعت کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ متحد ہوکر میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بیانیے کو بلوچستان کے ہر شہری تک پہنچائیں۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.