وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے خضدار کی باہمت سماجی رہنماء امینہ شفیع کی ملاقات، یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت و تعلیم کے لیے خدمات کو سراہا، ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے خضدار کی باہمت سماجی رہنماء امینہ شفیع کی ملاقات، یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت و تعلیم کے لیے خدمات کو سراہا، ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی
کوئٹہ(خ ن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے خضدار کی متحرک اور باہمت سماجی رہنما امینہ شفیع نے ملاقات کی، جس کے دوران خضدار میں بے سہارا اور یتیم بچوں کی کفالت، تعلیم اور بہتر مستقبل کے لیے جاری سماجی خدمات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امینہ شفیع اپنی مدد آپ کے تحت ان بچوں کی سرپرستی اور تعلیم کی ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں اور انہیں معاشرے کا باوقار اور خودمختار شہری بنانے کے لیے عملی جدوجہد کر رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے امینہ شفیع کے جذبہ انسانیت، حوصلے اور سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں اصل عظمت دوسروں کے دکھ درد کو اپنا سمجھنے اور بے سہارا لوگوں کا سہارا بننے میں ہے۔ امینہ شفیع جیسی باہمت بیٹیاں ہمارے معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں جو اپنی عملی جدوجہد سے انسانیت، ہمدردی اور احساس ذمہ داری کی روشن مثال قائم کر رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم کی ذمہ داری اٹھانا محض ایک سماجی خدمت نہیں بلکہ عظیم انسانی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ کسی بچے کو محض وسائل کی کمی کے باعث تعلیم اور بہتر مستقبل کے مواقع سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔ ریاست ایسے درد مند اور باہمت افراد کی حوصلہ افزائی کرے گی جو معاشرے کے محروم اور ضرورت مند طبقات کی بہتری کے لیے عملی کردار ادا کر رہے ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بچوں کی تعلیم، تحفظ اور بہتر مستقبل کے لیے امینہ شفیع کی کوششوں میں حکومت بلوچستان اپنا کردار ادا کرے گی اور ان کے فلاحی مشن کے تسلسل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے مخیر حضرات اور صاحب استطاعت افراد کو بھی چاہیے کہ وہ یتیم اور بے سہارا بچوں کی تعلیم، تربیت اور کفالت کے لیے آگے آئیں اور ان کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے اپنا حصہ ڈالیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ایک بچے کی زندگی میں امید کا چراغ روشن کرنا درحقیقت پورے معاشرے کے مستقبل کو روشن کرنے کے مترادف ہے۔ حکومت بلوچستان معاشرے کے ایسے افراد کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی جو ذاتی مفاد سے بالاتر ہوکر محروم اور ضرورت مند بچوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے کوشاں ہیں۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.