کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے مفتی محمود مرکز پشاور کے خلاف ریاستی سازشوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت لاشیں گرا کر ملک کے سنگین آئینی و معاشی بحرانوں اور قومی معدنی ذخائر پر قبضے جیسے اہم معاملات سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے، لیکن ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے نہ عوامی آواز دبائی جا سکتی ہے اور نہ ہی جمعیت علماء اسلام کو اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے ہٹایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفتی محمود مرکز کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش اور غیر قانونی اقدام حکومت کو لے ڈوبے گا، حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ملک کو تصادم کی طرف دھکیلنے سے گریز کریں۔ ہمارا مؤقف وہی ہے جو قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کا ہے، پوری قوم قائد جمعیت کے ساتھ کھڑی ہے، ملک کے آئینی حقوق، قومی وسائل اور معدنی ذخائر پر عوام کے اختیار کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ایک پُرامن، آئینی اور جمہوری جماعت ہے، ہم تصادم نہیں چاہتے لیکن جبر، دھونس اور ریاستی دباؤ کے سامنے سر تسلیم خم بھی نہیں کریں گے۔ اگر مفتی محمود مرکز یا جمعیت کی قیادت و کارکنوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تو اس کے سنگین نتائج کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور متعلقہ ذمہ دار حلقوں پر عائد ہوگی۔ ہم ہر قسم کی سازش، سیاسی دباؤ اور جبر کو عوامی طاقت اور پُرامن جمہوری جدوجہد کے ذریعے ناکام بنائیں گے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].