بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں کارروائیاں: درجنوں مراکز جرمانہ، متعدد کو اصلاحی نوٹسز جاری

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں کارروائیاں: درجنوں مراکز جرمانہ، متعدد کو اصلاحی نوٹسز جاری
بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے)کی انسپیکشن ٹیموں نے کوئٹہ، خضدار، خاران، ڈیرہ مراد جمالی، حب اور گوادر سمیت مختلف اضلاع میں اشیا خوردونوش کے مراکز کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر درجنوں مراکز کو جرمانے اور متعدد کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے ہیں، جبکہ متعدد مقامات سے زائد المیعاد اور مضر صحت اشیا بھی برآمد کر لی گئیں۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کوئٹہ کے علاقوں اختر محمد روڈ، شاوکشاہ روڈ اور فقیر محمد روڈ پر کارروائی کے دوران 1 بیکری یونٹ اور متعدد جنرل اسٹورز کو جرمانہ کیا گیا۔ بیکری یونٹ میں صفائی کی ابتر صورتحال، ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے، کھلے کوڑے دان، زنگ آلود مشینری، اشیا کی پیکنگ میں اخباری کاغذ کے استعمال اور ایکسپائرڈ بسکٹس، بریڈ اور کیکس کی موجودگی پر ایکشن لیا گیا۔ جنرل اسٹورز سے زائد المیعاد مشروبات، بسکٹس، میئونیز، اسنیکس اور ممنوعہ اشیا بشمول گٹکا اور جے ایم برآمد ہوئیں۔غوث آباد اور جتک اسٹاپ پر کی گئی کارروائی میں متعدد مراکز مالکان کے پاس فوڈ بزنس لائسنس موجود نہ ہونے پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 2 بیکنگ یونٹس میں صفائی کی ناقص صورتحال، نکاسی آب کے غیر مناسب انتظامات، مکھیوں کی بھرمار اور مصنوعات پر ایکسپائری ڈیٹ ظاہر نہ کرنے پر کارروائی کی گئی۔ اسی طرح 1 نمکو یونٹ کو بھی ناقص صفائی اور گندے پانی کے استعمال پر جرمانہ کیا گیا۔علمدار روڈ اور میکانگی روڈ پر 1 جنرل اسٹور، 1 بیکری شاپ اور 1 ٹی اسٹور کو جرمانہ کیا گیا جبکہ متعدد مراکز سے ممنوعہ اشیا گٹکا، جے ایم، شیکھر اور دیگر برآمد ہوئیں۔ بعض مراکز میں لائسنس کی عدم دستیابی، غلط پتہ درج ہونے اور غیر معیاری اسٹوریج پر بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔خضدار میں چمروک اور مین آر سی ڈی روڈ سمیت مختلف علاقوں میں کی گئی رات گئے انسپیکشن کے دوران 1 نان شاپ کو جرمانہ جبکہ 9 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ نان شاپ میں وزن کی کمی، صفائی کی ابتر صورتحال اور ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے پر کارروائی کی گئی۔خاران میں 6 مراکز کو جرمانے کیے گئے جن میں 4 جنرل اسٹورز، 1 بریانی شاپ اور 1 نان شاپ شامل ہیں۔ بریانی اور نان شاپ میں صفائی کی خراب صورتحال، زنگ آلود فریزر، گندا پانی اور وزن میں کمی جیسے نقائص پائے گئے۔ڈیرہ مراد جمالی میں بغیر فوڈ بزنس لائسنس کاروبار کرنے والے متعدد کریانہ اسٹورز اور ہوٹلز کو جرمانہ کیا گیا جبکہ حب میں 1 بیکری، 1 آئسکریم شاپ اور 2 ریسٹورنٹس پر جرمانے عائد کیے گئے۔ گوادر میں 3 جنرل اسٹورز اور 1 ہوٹل کو جرمانہ جبکہ 8 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ کارروائی کے دوران زائد المیعاد اشیا اور مضر صحت خوراک بھی ضبط کر کے تلف کر دی گئی۔بی ایف اے حکام کے مطابق یہ کارروائیاں عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جاری رہیں گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.