سرحدی تجارت کا فروغ بلوچستان کی معاشی ترقی، خوشحالی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، پرنس آغا عمرجان احمدزئی

سرحدی تجارت کا فروغ بلوچستان کی معاشی ترقی، خوشحالی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، پرنس آغا عمرجان احمدزئی
کوئٹہ(پ ر)پارلیمانی سیکرٹری برائے بہبودِ آبادی و رکن صوبائی اسمبلی پرنس آغا عمرجان احمدزئی نے کور کمانڈر بلوچستان، لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین کی جانب سے سرحدی تجارت کے فروغ اور بارڈر ٹریڈ کو آسان، منظم اور مؤثر بنانے کے لیے کیے جانے والے وژن اور عملی اقدامات کو بلوچستان کی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے زمینی حقائق، عوامی مسائل اور معاشی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سرحدی تجارت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ صوبہ بلوچستان طویل عرصے سے بے روزگاری، غربت اور معاشی مشکلات جیسے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، ایسے میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافے اور مقامی آبادی کو معاشی مواقع فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات خوش آئند ہیں۔ پرنس آغا عمرجان احمدزئی نے کہا کہ سرحدی تجارت کو سہل اور منظم بنانے، مقامی تاجروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے سے نہ صرف صوبائی معیشت مستحکم ہوگی بلکہ مقامی آبادی کے معاشی حالات میں بھی بہتری آئے گی۔ اس سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور عوام کو معاشی طور پر خودمختار بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کی پائیدار ترقی کا انحصار یہاں کے عوام کو معاشی مواقع فراہم کرنے، مقامی وسائل سے استفادہ کرنے اور تجارت و کاروبار کے فروغ پر ہے۔ سرحدی تجارت کو شفاف، باقاعدہ اور مؤثر نظام کے تحت فروغ دینا صوبے کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ پرنس آغا عمرجان احمدزئی نے اس امید کا اظہار کیا کہ کور کمانڈر بلوچستان کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے، جس سے بلوچستان کے عوام کے لیے ترقی، خوشحالی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ان شاء اللہ صوبہ معاشی استحکام کی جانب گامزن ہوگا۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.