علامہ اقبال نے مشرقی تصوف اور مغربی فلسفے کو منفرد فکری انداز میں یکجا کر کے ایک انوکھا کارنامہ سر انجام دیا: گورنر بلوچستان

علامہ اقبال نے مشرقی تصوف اور مغربی فلسفے کو منفرد فکری انداز میں یکجا کر کے ایک انوکھا کارنامہ سر انجام دیا: گورنر بلوچستان
کوئٹہ(خ ن) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل علامہ محمد اقبال نے مشرقی تصوف اور مغربی فلسفے کو منفرد فکری انداز میں یکجا کر کے ایک انوکھا کارنامہ سر انجام دیا۔ وہ ایک شاعر نہیں بلکہ ایک عظیم مفکر اور صاحبِ بصیرت دانش ور تھے۔ عالمِ اسلام کو درپیش چیلنجز کا ادراک اور ان سے نبردآزما ہونے کیلئے اقبال کے فکر و فلسفے سے فکری رہنمائی حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے دینِ اسلام کی تبلیغ، ترویج اور روحانی اقدار کے فروغ میں اولیاء اور صوفیائے کرام کی خدمات کو لائقِ تحسین قرار دیا۔ علامہ اقبال نے افغانستان کے بادشاہ نادر شاہ کے مطالبے پر وہاں کیلئے تعلیمی نصاب مرتب کیا۔ اسی تناظر میں ہمارا محکمہ تعلیم موجودہ تعلیمی نصاب کا ازسرِنو جائزہ لے اور اسے اقبال کے فکر و فلسفے کے اصولوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے جدید تقاضوں کے مطابق ریشنلائز کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کلچر حکومتِ بلوچستان اور ایرانی کلچرل سینٹر کوئٹہ کے زیرِ اہتمام ’’اقبال شناسی‘‘ کے عنوان سے ایک روزہ سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سیمینار رکن قومی اسمبلی اختر بی بی ڈائریکٹر جنرل ایرانی کلچرل سینٹٹر ابوالحسن امیری، صوبائی سیکرٹری برائے کلچر اینڈ ٹورزم حمید اللہ خان ناصر، پرنسپل سیکرٹری عبدالناصر دوتانی اور ڈائریکٹر کلچر داود ترین سمیت علم و دانش سے وابستہ افراد کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ علامہ محمد اقبال نے مشرقی اور مغربی فلسفے کا گہرا مطالعہ کیا۔ اسکے علاوہ وہ ایک جہاندیدہ انسان تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں انگلینڈ، فرانس، جرمنی، اٹلی، اسپین، افغانستان، مصر اور فلسطین وغیرہ کے دورے کیے۔ لندن سے بیرسٹر کی ڈگری جبکہ جرمنی کی میونخ یونیورسٹی سے فلاسفی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم سب علامہ اقبال کے چند مشہور اشعار یاد رکھتے ہیں، روزمرہ زندگی میں انہیں دہراتے ہیں اور ان کے پیغام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں لیکن بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا ہم واقعی فکرِ اقبال کو سمجھتے بھی ہیں؟ کیا ہم نے ان کے فلسفے کو اپنے کردار میں زندہ رکھا ہے؟ کیا ان کی فکری جدوجہد کو اپنی اجتماعی زندگی کا حصہ بھی بنایا ہے؟ گورنر مندوخیل نے کہا کہ اقبال شناسی‘ کا مطلب صرف اقبال کا بائیو ڈیٹا جمع کرنا نہیں ہے، ان کے چند مخصوص اشعار کو زبانی یاد کرنا یا انکی جذباتی انداز میں تشریح کرنا بھی نہیں ہے بلکہ ان کے بلند افکار کا درست ادراک حاصل کرنا، ان کا تحقیقی مطالعہ کرنا اور انہیں اپنے زمان و مکان کے مسائل و مشکلات سے جوڑنا ہے۔ انہوں نے متعلقہ تعلیمی اور تحقیقی اداروں پر زور دیا کہ وہ ہمارے نوجوانوں کو صرف چند مخصوص اشعار سے متعارف نہ کرائیں بلکہ انہیں حقیقی اقبال اور ان کے فکری پس منظر سے بھی روشناس کرائیں۔ علامہ اقبال نوجوانوں کو محض خواب دیکھنے کی دعوت نہیں دیتے بلکہ وہ نوجوانوں کو شاہین پکار کر جدید علم، بلند کردار اور عمل کا راستہ دکھاتے ہیں۔ اقبال کے نزدیک علم محض ڈگری کا نام نہیں ہے بلکہ علم انسان اور انسانی سماج کی تعمیر و ترقی کا معتبر وسیلہ ہے۔ ہمیں اقبال کے تصورِ علم کو موجودہ دور کے تقاضوں کے ساتھ جوڑنا ہوگا۔ ہماری پبلک اور پرائیویٹ یونیورسٹیوں میں ریسرچ، سائنٹفک طرزِ فکر اور مشرق کی شاندار تہذیبی اقدار و روایات کو فروغ دینا ہوگا۔ ہمیں اقبال کے ایسے شاہین تیار کرنے ہیں جو صرف سرکاری ملازمت تلاش کرنے والے نہ ہوں بلکہ تنقیدی، تحقیقی اور تخلیقی ذہن کے ذریعے ایک نیا جہاں تشکیل دینے کی صلاحیت بھی رکھتے ہوں۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کی فکر کا ایک اہم پہلو ایک مضبوط اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ’’ملت‘‘ کا تصور ہے۔ وہ مسلمانوں کو محض ایک مذہبی شناخت رکھنے والے افراد کے طور پر نہیں دیکھتے تھے بلکہ انہیں ایک مشترکہ تاریخی شعور اور قومی ذمہ داری سے وابستہ دیکھنا چاہتے تھے لہٰذا اقبال شناسی کو محض سالانہ تقریب، سیمینار اور چند منتخب اشعار تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ اس کیلئے مسلسل علمی اور فکری سرگرمیوں کی ضرورت ہے۔ اخر میں گورنر جعفرخان نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اقبال شناسی کو اپنے کردار میں زندہ رکھیں، ان کی حقیقی فکر کو سمجھیں اور اسے اپنی قومی اور اجتماعی زندگی میں جگہ دیں۔ بعد ازاں انہوں اقبال شناسی پر پرمغز مقالے پیش کرنے والے ماہرین، محققین اور منتظمین میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیے ۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.