بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں کارروائیاں، 17 مراکز جرمانہ، زائدالمیعاد و ناقص اشیا تلف

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں کارروائیاں، 17 مراکز جرمانہ، زائدالمیعاد و ناقص اشیا تلف
بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے)نے صوبے کے مختلف اضلاع میں خوراک کے معیار اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 17 خوراکی مراکز کے مالکان پر جرمانے عائد کردیے جبکہ متعدد مراکز کو اصلاحی و وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران زائدالمیعاد، ناقص اور ممنوعہ اشیا خوردونوش ضبط کرکے تلف کردی گئیں۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے اے پی پی کوبتایاکہ کوئٹہ کے علاقوں ٹیکسی اسٹینڈ، جناح روڈ، سرکی روڈ، طوغی روڈ اور علمدار روڈ میں انسپیکشن کے دوران 4 بیکنگ یونٹس اور ایک ریسٹورنٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کیے گئے۔ ان مراکز میں صفائی کی ابتر صورتحال، ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونا، کھلے کوڑے دان، گندگی، نکاسی آب کے ناقص انتظامات، مکھیوں کی بھرمار، مضر صحت رنگوں اور پابندی عائد چائنیز نمک کا استعمال، زنگ آلود ریفریجریٹرز اور گندے کنٹینرز کے استعمال جیسے سنگین نقائص پائے گئے۔گوادر میں بی ایف اے زونل ٹیم نے مختلف مراکز پر کارروائی کرتے ہوئے ایک بیکنگ یونٹ اور تین جنرل اسٹورز مالکان کو جرمانہ کیا جبکہ پانچ مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ کارروائی کے دوران زائدالمیعاد مشروبات، چپس، بسکٹس، نیسلے جوسز، نیشنل مصالحے، ٹیٹرا ملک پیک، ڈبہ بند مٹر اور سرخ پھلیاں سمیت ممنوعہ اشیا گٹکا، ماوا اور شیکھر برآمد کرکے تلف کردی گئیں۔صنعتی شہر حب میں ایک جنرل اسٹور اور ایک سویٹ شاپ کے مالکان پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ تین مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری ہوئے۔ حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ایکسپائرڈ ببل گمز، ٹافیاں، نان فوڈ گریڈ کلرز اور مٹھائیوں کو غیر محفوظ انداز میں رکھنے جیسے نقائص سامنے آئے۔سنجاوی میں بی ایف اے ٹیم نے ایک ڈیپارٹمنٹل اسٹور، ایک جوس شاپ اور دو جنرل اسٹورز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کیے جبکہ 10 مراکز کو اصلاحی و وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے۔ انسپیکشن کے دوران ایکسپائرڈ بسکٹس، مشروبات، جوسز اور ایرانی مصنوعات برآمد ہوئیں۔خضدار میں سبزی مارکیٹ اور جناح روڈ کے اطراف قائم مصالحہ شاپس اور ڈرائی فروٹ شاپس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4 مصالحہ شاپس اور ایک ڈرائی فروٹ شاپ مالک کو جرمانہ کیا گیا جبکہ 6 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ کارروائی کے دوران نان فوڈ گریڈ کلرز، پابندی عائد چائنیز نمک، ناقص صفائی اور ڈرائی فروٹس کو گندے فرش پر خشک کرنے جیسے معاملات سامنے آئے۔دریں اثنا، ڈیرہ اللہ یار میں بی ایف اے ٹیم نے مختلف خوراکی مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے معمولی نقائص پر متعدد دکانداروں کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے اور انہیں فوڈ سیفٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد اور بی ایف اے لائسنس کے حصول کی ہدایت کی۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.