بچوں سے مشقت کا خاتمہ اور تعلیم کا فروغ حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے، میر سرفراز بگٹی

بچوں سے مشقت کا خاتمہ اور تعلیم کا فروغ حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے، میر سرفراز بگٹی
وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بچوں سے مشقت کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حکومت بلوچستان بچوں کے حقوق کے تحفظ، تعلیم کے فروغ اور ان کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں سے مزدوری نہ صرف ان کے بچپن کو متاثر کرتی ہے بلکہ ان کی تعلیم، صحت اور بہتر مستقبل کے مواقع بھی سلب کر لیتی ہے۔ ہر بچے کو تعلیم، تحفظ اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ بلوچستان حکومت چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے مثر اور عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے کے چار سو سے زائد مزدور بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے اسکالرشپس پر ملک کے ممتاز تعلیمی اداروں میں بھیجا جا رہا ہے تاکہ وہ بہتر مستقبل کی جانب گامزن ہو سکیں۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بچوں کو مزدوری کے بجائے تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ایک خوشحال، ترقی یافتہ اور مہذب معاشرے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے والدین، اساتذہ، سماجی تنظیموں اور معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ بچوں کے استحصال کے خاتمے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا موثر کردار ادا کریں۔وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ بچوں کا تحفظ اور فلاح و بہبود ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہر بچے کو اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے محفوظ، سازگار اور مثبت ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.