کوئٹہ (خ ن)یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کے زیرِ اہتمام کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی، جس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی، تحریکِ آزادی کے رہنما سید فیض نقشبندی، وزیرِ صحت بخت محمد کاکڑ، معاونِ خصوصی برائے داخلہ بابر یوسفزئی، انتظامی افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ سے شروع ہوئی اور مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی سرینا چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکا نے کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں نعرے لگائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے، جب 1947 میں بھارتی افواج نے جموں و کشمیر میں داخل ہو کر قبضے کا آغاز کیا۔ یہ دن کشمیری عوام کی جدوجہد، قربانیوں اور حقِ خودارادیت کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حقوق اور آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ یومِ سیاہ کشمیر منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرانا اور کشمیری عوام کی آواز کو موثر انداز میں اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رہے گی۔ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے رہیں گے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].