کوئٹہ (خ ن)وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع خضدار کے علاقے کرخ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران پانچ دہشت گردوں کی ہلاکت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کی کاوشوں کو سراہا ہے۔وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ خضدار کے علاقے کرخ میں پولیس اور ایف سی کی کامیاب کارروائی دہشت گردی کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عزم، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور باہمی ہم آہنگی کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر موثر کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کرنا امن دشمن عناصر کے خلاف جاری کوششوں میں اہم پیش رفت ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔ پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اس مقصد کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہے ہیں، جنہیں سراہا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف موثر حکمت عملی کے لیے انٹیلیجنس معلومات کا بروقت تبادلہ، اداروں کے درمیان مربوط تعاون اور قانون کے مطابق کارروائیاں بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔ صوبے میں امن کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ وزیر اعلی بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ کاوشیں اور عوام کا تعاون ناگزیر ہیں۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].