شہید شبیر بلوچ قتل کیس میں انصاف کی فراہمی قانون کی بالادستی کا ثبوت ہے، سرفراز بگٹی

شہید شبیر بلوچ قتل کیس میں انصاف کی فراہمی قانون کی بالادستی کا ثبوت ہے، سرفراز بگٹی
وزیراعلی بلوچستان، میر سرفراز بگٹی نے شہید شبیر بلوچ قتل کیس میں عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو سالہ قانونی جدوجہد کے بعد انصاف کی فراہمی قانون کی بالادستی اور انصاف کے نظام کی مضبوطی کا واضح مظہر ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ شہید شبیر بلوچ نے دورانِ ڈیوٹی اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور ریاست ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے نے ثابت کر دیا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے اور تشدد کو فروغ دینے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں اور نہ ہی ایسے عناصر قانون کی گرفت سے بچ سکتے ہیں۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پرامن احتجاج کی آڑ میں ریاستی اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے عناصر کو قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان شہید شبیر بلوچ کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ شہید شبیر بلوچ کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور انصاف کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تشدد، انتشار اور قانون شکنی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور حمایتی عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امن کے دشمن عناصر کے خلاف ریاستی جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں صوبے میں امن کے قیام اور ریاستی رٹ کے استحکام کی ضمانت ہیں۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.