کوئٹہ(پ ر) جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع اور صوبائی جنرل سیکرٹری آغا محمود شاہ نے اپنے مشترکہ اخباری بیان میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت مدارس بل سے راہ فرار اختیار کرنے کے لیے سازشوں پر اتر آئی ہے ۔ اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ انتظامیہ کی جانب سے مدارس کی رجسٹریشن کے نام پر نوٹسز کا اجراء مضحکہ خیز اور مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے خلاف ایسے مضحکہ خیز اور غیر آئینی اقدامات سے دینی مدارس اور ان کے وابستگان کو ہرگز مرعوب نہیں کیا جا سکتا، دینی مدارس ملک بھر میں دینی و تعلیمی خدمات انجام دے رہے ہیں، انہیں غیر ضروری سرکاری نوٹسز کے ذریعے ہراساں کرنا آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے، بلوچستان اسمبلی میں مدارس بل پیش کرنے سے راہِ فرار اختیار کرنے کے بعد اب بلیک میلنگ اور دباؤ کے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں، حالانکہ مدارس کی رجسٹریشن کی راہ میں رکاوٹ مدارس نہیں بلکہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں خود ہیں، انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن جیسے اہم معاملے کو دباؤ اور بلیک میلنگ کا ذریعہ بنانے والوں کی ذہنیت سے عوام بخوبی آگاہ ہیں، مدارس کے خلاف کسی بھی غیر آئینی اقدام کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، جمعیت علماء اسلام دینی مدارس کے حقوق، خودمختاری اور تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور اس معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].