بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے صوبے کے مختلف اضلاع میں خوراک کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں کرتے ہوئے ملاوٹ، زائد المیعاد اشیائے خور و نوش کی فروخت اور ناقص صفائی کے مرتکب متعدد کاروباری مراکز کے خلاف قانونی کارروائی کی۔ کارروائیوں کے دوران دکانیں سیل کی گئیں، جرمانے عائد کیے گئے اور اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ترجمان کے مطابق ژوب میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے اسسٹنٹ کمشنر ژوب کے ہمراہ 20 دودھ کی دکانوں اور 2 ڈیری فارمز کا معائنہ کیا۔ دودھ میں پانی کی ملاوٹ اور چکنائی کی کمی ثابت ہونے پر 2 دودھ کی دکانیں سیل کر دی گئیں، جبکہ ناقص صفائی پر 2 ڈیری فارمز سمیت 4 یونٹس کو جرمانے اور 5 مراکز کو بہتری نوٹسز جاری کیے گئے۔ معائنے کے دوران دودھ میں حشرات، آلودہ برتن، غیر صحت بخش ماحول اور صفائی کے ناقص انتظامات سمیت متعدد خلاف ورزیاں بھی سامنے آئیں۔کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹان میں دودھ کی دکانوں کی جانچ کے دوران دودھ میں پانی کی ملاوٹ ثابت ہونے پر 2 دودھ فروشوں کو جرمانہ کیا گیا جبکہ معمولی نقائص پر 3 دکانوں کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔خضدار شہر کے آر سی ڈی روڈ پر کارروائی کے دوران 2 ریسٹورنٹس، 3 جنرل اسٹورز اور ایک نان شاپ کے مالکان کو جرمانے کیے گئے جبکہ 8 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ کارروائی کے دوران انتہائی ناقص صفائی، گندے کچن، جراثیم زدہ برتنوں، ایکسپائرڈ اشیا اور کم وزن نان فروخت کرنے جیسے مسائل سامنے آئے۔کوئٹہ کے ایئرپورٹ روڈ پر قائم 2 ریسٹورنٹس کے خلاف بھی کارروائی کی گئی، جہاں خراب گوشت، ناقص صفائی، زنگ آلود ریفریجریٹر، کھلے کوڑے دان اور ورکرز کی حفاظتی سامان کے بغیر کام کرنے پر جرمانے عائد کیے گئے۔اسی طرح پیٹل روڈ، میر احمد خان روڈ اور سرکی روڈ پر 3 جنرل اسٹورز اور ایک ہوٹل کے مالکان کو جرمانے کیے گئے۔ کارروائی کے دوران مضر صحت رنگوں کا استعمال، ناقص صفائی، ایکسپائرڈ اشیا، ممنوعہ گٹکا، نان فوڈ گریڈ کلرز اور مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تاریخ کے بغیر اشیا برآمد ہوئیں۔پنجگور میں بھی بی ایف اے کی ٹیم نے مختلف جنرل اسٹورز کا معائنہ کرتے ہوئے زائد المیعاد مشروبات، اسنیکس، جوسز، مصالحے، ملک کریم، پابندی عائد چائنیز نمک اور نان فوڈ گریڈ کلرز برآمد ہونے پر 2 جنرل اسٹورز کو جرمانہ جبکہ 5 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق صوبے بھر میں خوراک کے معیار، صفائی اور عوام کو محفوظ و معیاری اشیائے خور و نوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے معائنوں اور قانونی کارروائیوں کا سلسلہ بلاامتیاز جاری رکھا جائے گا۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].