رکنِ صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی جانب سے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد)کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، جس میں گوادر میں سرمایہ کاری، تعمیراتی شعبے کے فروغ، کاروباری مواقع، مقامی معیشت کی بہتری اور ترقیاتی امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ گوادر اپنی منفرد جغرافیائی حیثیت، ساحلی محلِ وقوع اور وسیع معاشی امکانات کے باعث ملکی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کی پائیدار ترقی میں نجی شعبے کا کردار کلیدی ہے، جبکہ سرمایہ کاری کے فروغ سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اور مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مثر تعاون سے گوادر کو ایک جدید تجارتی اور اقتصادی مرکز کے طور پر مزید ترقی دی جا سکتی ہے، جس کے ثمرات نہ صرف مقامی آبادی بلکہ پورے صوبے اور ملک کو حاصل ہوں گے۔اس موقع پر وفد نے گوادر میں سرمایہ کاری اور تعمیراتی شعبے کی ترقی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور باہمی تعاون کے فروغ پر زور دیا۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے وفد کے اراکین کو بلوچی ثقافت کی علامت کے طور پر بلوچی چادر پیش کی، جبکہ آباد کے وفد نے انہیں یادگاری شیلڈ پیش کرتے ہوئے گوادر کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ دونوں فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گوادر میں سرمایہ کاری، تعمیراتی سرگرمیوں اور اقتصادی ترقی کے لیے باہمی روابط اور تعاون کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].