پروونشل ایکشن پلان: بلوچستان میں امن کی نئی حکمتِ عملی

پروونشل ایکشن پلان: بلوچستان میں امن کی نئی حکمتِ عملی
بلوچستان کئی برسوں سے داخلی سلامتی، دہشت گردی، سرحدی چیلنجز، منظم جرائم اور کمزور ادارہ جاتی ڈھانچوں جیسے مسائل سے نبرد آزما رہا ہے۔ ان پیچیدہ حالات نے یہ حقیقت واضح کر دی تھی کہ روایتی اور وقتی اقدامات سے دیرپا امن قائم نہیں کیا جا سکتا۔ امن کے لیے ایک ایسی جامع حکمتِ عملی ناگزیر تھی جو صرف ردِعمل تک محدود نہ ہو بلکہ ریاستی اداروں کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے داخلی سلامتی کا ایک مضبوط اور پائیدار نظام تشکیل دے۔ اسی وژن کے تحت حکومت بلوچستان کے محکمہ داخلہ نے پروونشل ایکشن پلان (Provincial Action Plan) کو عملی شکل دی، جو درحقیقت بلوچستان میں سکیورٹی گورننس کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ یہ منصوبہ محض ایک انتظامی دستاویز نہیں بلکہ ایک جامع اصلاحاتی روڈ میپ ہے، جس میں قانون سازی، ادارہ سازی، جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس کوآرڈینیشن، عدالتی معاونت، سرحدی نظم و نسق، انسدادِ دہشت گردی اور ریاستی رٹ کے استحکام کو ایک مربوط حکمتِ عملی کے تحت یکجا کیا گیا ہے۔ کسی بھی ریاست کی مضبوطی اس کے قوانین اور اداروں سے وابستہ ہوتی ہے۔ اسی سوچ کے تحت گزشتہ ایک سال میں محکمہ داخلہ نے وٹنس پروٹیکشن ایکٹ، بلوچستان فارنزک سائنس ایجنسی ایکٹ، سیف سٹی اتھارٹی ایکٹ، بلوچستان پرزن اینڈ کریکشنل سروس ایکٹ 2026، پروبیشن اینڈ پیرول ایکٹ اور انسدادِ دہشت گردی قوانین میں اہم اصلاحات متعارف کروائیں۔ ان قوانین نے نہ صرف قانونی خلا کو پُر کیا بلکہ فوجداری انصاف کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی بنیاد بھی فراہم کی۔ تاہم اس منصوبے کی سب سے نمایاں خصوصیت قانون سازی سے بڑھ کر ادارہ سازی ہے۔ بلوچستان میں پہلی مرتبہ داخلی سلامتی کو ایک مربوط ادارہ جاتی فریم ورک کے تحت منظم کیا گیا۔ صوبائی انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسسمنٹ سینٹر (PIFTAC)، بلوچستان انٹیگریٹڈ سکیورٹی آرکیٹیکچر (BISA)، بلوچستان چیریٹیز رجسٹریشن اتھارٹی (BCRA)، ریڈ نوٹس سیل، اینٹی الیگل اسپیکٹرم سیل، اینٹی سبورژن سیل، اینٹی ایکسٹورشن کوآرڈینیشن میکانزم اور ہیومن ٹریفکنگ سیل کا قیام اس امر کا ثبوت ہے کہ حکومت نے روایتی سکیورٹی ماڈل سے آگے بڑھ کر جدید ریاستی نظم کی بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا۔ اسی طرح سنٹر آف ایکسیلینس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم کو فعال کرنا محض ایک ادارہ کھولنا نہیں بلکہ پالیسی سازی کو تحقیق، ڈیٹا اور تجزیے سے جوڑنے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔ آج دنیا میں انتہا پسندی کا مقابلہ صرف طاقت سے نہیں بلکہ علم، تحقیق اور مؤثر بیانیے سے بھی کیا جاتا ہے، اور بلوچستان نے اس سمت میں ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ پروونشل ایکشن پلان کا ایک اور نمایاں پہلو جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ہے۔ دنیا بھر میں داخلی سلامتی کے نظام مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل نگرانی اور ڈیٹا اینالیٹکس پر منتقل ہو رہے ہیں۔ بلوچستان میں سیف سٹی منصوبے کو فعال بناتے ہوئے جدید کیمروں، مصنوعی ذہانت پر مبنی نگرانی، ڈیجیٹل ٹریکنگ اور انٹیلیجنٹ مانیٹرنگ سسٹمز کو متعارف کرایا گیا۔ حساس تنصیبات، تعلیمی اداروں، ہسپتالوں اور سرکاری دفاتر کے سکیورٹی آڈٹس مکمل کیے گئے جبکہ جدید سی سی ٹی وی نیٹ ورک نے حفاظتی انتظامات کو ایک نئی جہت دی۔ یہ اقدامات اس بات کی علامت ہیں کہ صوبہ روایتی پولیسنگ سے آگے بڑھ کر اسمارٹ سکیورٹی کی طرف پیش رفت کر رہا ہے۔ انسدادِ دہشت گردی کے میدان میں بھی نمایاں اصلاحات سامنے آئیں۔ ڈرون یونٹ کا قیام، بم ڈسپوزل یونٹس کی استعداد میں اضافہ، ویڈیو لنک اور فیس لیس ٹرائلز کے لیے قانونی و تکنیکی اقدامات اور انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کو مضبوط بنانا اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اب صرف طاقت کے استعمال تک محدود نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی، مربوط معلومات اور مؤثر قانونی نظام پر بھی استوار کی جا رہی ہے۔ ریاستی عملداری کو مضبوط بنانے کے لیے غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی، پوست اور غیر قانونی تمباکو کی کاشت و تجارت کے خلاف مؤثر کارروائیاں بھی اسی منصوبے کا حصہ رہیں۔ جدید ڈرون نگرانی اور بین الادارہ جاتی تعاون نے ان کارروائیوں کو مؤثر بنایا، جس سے نہ صرف غیر قانونی معیشت کو نقصان پہنچا بلکہ ریاستی رٹ بھی مزید مستحکم ہوئی۔ ادارہ جاتی اصلاحات کے میدان میں لیویز فورس کا پولیس میں اور سول ڈیفنس کا اسپیشل برانچ میں انضمام ایک تاریخی پیش رفت ہے۔ یہ اصلاحات وسائل کے بہتر استعمال، پیشہ ورانہ صلاحیت میں اضافے، بہتر کمانڈ اینڈ کنٹرول اور مربوط قانون نافذ کرنے کے نظام کی بنیاد فراہم کرتی ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ بلوچستان کے مسائل ایک سال میں مکمل طور پر حل نہیں ہو سکتے۔ دہشت گردی، سرحدی چیلنجز اور سماجی و معاشی پیچیدگیاں اب بھی موجود ہیں، لیکن پالیسی سازی میں سب سے اہم چیز سمت کا درست تعین ہوتا ہے۔ گزشتہ ایک سال کے اقدامات واضح کرتے ہیں کہ بلوچستان میں داخلی سلامتی کو محض وقتی ردعمل کے بجائے ایک جامع ریاستی حکمتِ عملی کے تحت دیکھا جا رہا ہے۔ پروونشل ایکشن پلان دراصل اسی سوچ کی عملی تعبیر ہے۔ یہ منصوبہ واضح کرتا ہے کہ امن صرف بندوق کی طاقت سے قائم نہیں ہوتا بلکہ مضبوط قوانین، فعال اداروں، جدید ٹیکنالوجی، مؤثر انٹیلی جنس، مربوط گورننس اور مستقل سیاسی عزم کے امتزاج سے حاصل ہوتا ہے۔ اگر یہی رفتار، تسلسل اور سیاسی عزم برقرار رہا تو پروونشل ایکشن پلان نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے لیے داخلی سلامتی اور ریاستی اصلاحات کا ایک مؤثر ماڈل بن سکتا ہے۔ یہی وہ راستہ ہے جو بلوچستان کو ایک محفوظ، مستحکم، پُرامن اور ترقی یافتہ صوبہ بنانے کی حقیقی ضمانت فراہم کرتا ہے۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.