تہران(بی بی سی)جہاز رانی سے متعلق یونینوں اور کمپنیوں نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو کم از کم اگلے آٹھ دن تک ’جنگی آپریشنز زون‘ تصور کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے باوجود دو بحری جہازوں پر حالیہ حملوں کے بعد کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق آبنائے ہرمز کم از کم نو جولائی تک ’جنگی آپریشنز زون‘ رہے گی، جبکہ صورتحال کا ہفتہ وار جائزہ لیا جائے گا۔
بی بی سی فارسی کے مطابق انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ ورکرز فیڈریشن اور جہاز مالکان کی نمائندہ تنظیم جوائنٹ نیگوشیئنگ گروپ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ ’انسانی زندگی کو درپیش سنگین اور مسلسل خطرات اور خطے میں تیزی سے بدلتی صورتحال‘ کے پیش نظر کیا گیا۔
بی بی سی فارسی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کا حوالے دیتے ہوئے بتایا کہ مذاکرات سے واقف ایک ذریعے کے مطابق اگر گزشتہ جمعرات کے بعد دو مختلف دنوں میں بحری جہازوں کو نشانہ نہ بنایا جاتا اور آمدورفت معمول کے مطابق رہتی تو اس ہفتے درجہ بندی پر نظرِ ثانی ممکن تھی۔
یاد رہے کہ آبنائے ہرمز کو پہلی بار پانچ مارچ کو جنگی آپریشن زون کی کیٹیگری میں شامل کیا گیا تھا جب توانائی بردار بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
یہ درجہ بندی ان بحری جہازوں پر لاگو ہوتی ہے جن کے مالکان انٹرنیشنل بارگیننگ فورم کے لیبر معاہدوں کا حصہ ہیں، اور ایسے جہازوں کی تعداد دنیا بھر میں تقریباً 15 ہزار ہے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].