امریکہ اور ایران میں تکنیکی مذاکرات جاری ہیں: نائب صدر جے ڈی وینس

امریکہ اور ایران میں تکنیکی مذاکرات جاری ہیں: نائب صدر جے ڈی وینس
واشنگٹن(بی بی سی)امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ دوحہ میں جاری مذاکرات سے متعلق ایران کی عوامی سطح پر تردید دراصل ایک دانستہ ’فارسی طرزِ مذاکرات‘ ہے، جبکہ ان کے مطابق واشنگٹن اور تہران کے درمیان تکنیکی سطح کی بات چیت جاری ہے۔ دی مائیکل نولز شو کو دیے گئے ایک انٹرویو میں، جو منگل کو نشر کیا گیا، جے ڈی وینس نے کہا’مقررہ مذاکرات ہونے تھے، دراصل تکنیکی نوعیت کے مذاکرات، جو پہلے سے جاری بات چیت کی بنیاد پر آگے بڑھ رہے ہیں، اور یہ یقینی طور پر یکم جولائی کو ہو رہے ہیں۔‘ انھوں نے کہا کہ تہران کے عوامی بیانات انھیں ’دلچسپ اور کسی حد تک پریشان کن‘ لگتے ہیں، کیونکہ ایرانی حکام ایک طرف امن مذاکرات کی تردید کرتے ہیں جبکہ دوسری جانب تکنیکی سطح کی بات چیت کو تسلیم بھی کرتے ہیں۔ ان کے بقول ’وہ کہتے ہیں کہ نہیں، امن مذاکرات نہیں ہو رہے، لیکن ساتھ یہ بھی کہتے ہیں کہ امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدے کے حوالے سے تکنیکی مذاکرات جاری ہیں۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’یہ ایک فارسی طرزِ مذاکرات اور بیانیہ ہے جسے میں سمجھ نہیں پاتا۔‘ وائٹ ہاؤس کے نمائندے سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر پیر کے روز اس وقت دوحہ روانہ ہوئے تھے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے قطری دارالحکومت میں ملاقات کی درخواست کی ہے۔ تاہم ایران نے امریکہ کے ساتھ کسی براہ راست ملاقات کی منصوبہ بندی کی تردید کی ہے، جبکہ یہ بھی کہا ہے کہ ثالثوں کے ذریعے مشاورت کا عمل جاری ہے۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.