کوئٹہ(دی باغوان) خواتین کی مالیاتی شمولیت، ڈیجیٹل و مالیاتی خواندگی کے فروغ اور معاشی خودمختاری کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان (بینکنگ سروسز کارپوریشن)، کوئٹہ اور عورت فاؤنڈیشن بلوچستان کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔
اس مفاہمتی یادداشت پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP-BSC) کوئٹہ کی جانب سے چیف منیجر علاؤالدین اچکزئی جبکہ عورت فاؤنڈیشن بلوچستان کی جانب سے ریذیڈنٹ ڈائریکٹر علاؤالدین خِلجی نے دستخط کیے۔
تقریب میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے رومان علی (ڈپٹی چیف منیجر)، محمد علی (اسسٹنٹ چیف منیجر)، وقاص درانی (اسسٹنٹ ڈائریکٹر)، میاں محمد علیم (اسسٹنٹ ڈائریکٹر) اور عائشہ خان (اسسٹنٹ ڈائریکٹر) جبکہ عورت فاؤنڈیشن کی جانب سے محمود خان نے شرکت کی۔
اس مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے بلوچستان بھر میں، خواتین کاروباری شخصیات، خواتین کی زیرِ قیادت کاروبار، گھریلو بنیادوں پر کام کرنے والی خواتین (Women Home-Based Workers) اور خواتین کے دیگر معاشی شعبوں سے وابستہ افراد میں مالیاتی اور ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دینے، مالیاتی شمولیت بڑھانے اور معاشی بااختیاری کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔
معاہدے کے تحت مالیاتی آگاہی مہمات، کمیونٹی آؤٹ ریچ پروگرامز، خواتین کے لیے بینکاری سہولیات تک رسائی، ڈیجیٹل مالیاتی خدمات، کاروباری منصوبہ بندی، بچت، ذمہ دارانہ قرضہ جات، موبائل بینکنگ، ڈیجیٹل والٹس اور کاروباری ترقی سے متعلق تربیتی اور آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دونوں ادارے خواتین کی معاشی ترقی اور مالیاتی شمولیت کے فروغ کے لیے معلوماتی مواد، آگاہی مہمات اور دیگر مشترکہ اقدامات بھی انجام دیں گے۔
اس موقع پر دونوں اداروں کے نمائندوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ شراکت داری بلوچستان میں خواتین کی معاشی خودمختاری، مالیاتی آگاہی اور پائیدار ترقی کے فروغ میں ایک مؤثر سنگِ میل ثابت ہوگی اور خواتین کو بااختیار بنانے کے قومی اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گی۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].