پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کا کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں بڑھتی ہوئی بدامنی پر تشویش کا اظہار

پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کا کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں بڑھتی ہوئی بدامنی پر تشویش کا اظہار
کوئٹہ (پ ر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے پریس ریلیز میں کوئٹہ کے علاقوں نوحصار، غبرگ، کلی غیبزئی روڈ اور نوحصار تا رندوزئی روڈ پر آئے روز بڑھتی ہوئی ڈکیتی، رہزنی، موٹر سائیکل چھیننے، گن پوائنٹ پر شہریوں کو لوٹنے اور دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں پر شدید تشویش اور سخت الفاظ میں مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں عوام کی جان و مال، عزت و آبرو اور بنیادی تحفظ کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں، جبکہ عملی طور پر چوروں، ڈاکوؤں اور سماج دشمن عناصر کا راج قائم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے ان علاقوں میں جرائم کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث شہری شدید خوف و ہراس، عدم تحفظ اور ذہنی اضطراب کا شکار ہیں۔ عوام کو دن دہاڑے لوٹا جا رہا ہے، موٹر سائیکلیں چھینی جا رہی ہیں اور مسلح افراد گن پوائنٹ پر شہریوں سے نقدی، موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیاء چھین کر فرار ہو جاتے ہیں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے جرائم پر قابو پانے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ عوام کی مشکلات میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب کلی غیبزئی پولیس چیک پوسٹ کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا اور کلی رندوزئی پولیس چوکی کو بھی غیر فعال کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ مل گئی ہے۔ ان علاقوں میں پولیس کی عدم موجودگی اور ناکافی گشت نے عوام کو جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، جو حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر ایک سنگین سوالیہ نشان ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اولین آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے، لیکن متعلقہ علاقوں میں امن و امان کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ انتظامیہ اپنی بنیادی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ پریس ریلیز میں صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ کلی غیبزئی اور کلی رندوزئی کی پولیس چیک پوسٹوں کو فوری طور پر بحال کیا جائے، نوحصار، غبرگ اور ملحقہ علاقوں میں پولیس گشت میں نمایاں اضافہ کیا جائے، جرائم پیشہ عناصر، ڈاکوؤں اور سماج دشمن گروہوں کے خلاف بلاامتیاز اور مؤثر کریک ڈاؤن کیا جائے، اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اور دیرپا اقدامات کیے جائیں۔ بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر امن و امان کی بحالی، جرائم کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو علاقے کے عوام اپنے جمہوری، آئینی اور قانونی حق کے تحت احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ عوام کے جان و مال، بنیادی حقوق اور امن و امان کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر اپنی سیاسی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.