صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے پیر کے روز ٹراما سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہنہ اوڑک میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے قبائلی افراد اور پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ ہنہ اوڑک میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے اور اب تک کارروائی کے دوران چار دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی قبائل کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ہر صورت ناکام بنائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور مقامی قبائل کی مشترکہ کوششوں سے علاقے کو جلد دہشت گردوں سے پاک کر دیا جائے گا، جبکہ جاری سینیٹائزیشن آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک علاقے کو مکمل طور پر محفوظ نہیں بنا دیا جاتا۔صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور حکومت ان کے علاج معالجے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت کی روشنی میں ہنہ اوڑک کی صورتحال کو بہتر بنانے اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے موثر حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے، جبکہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔حکومت مظاہرین سے مسلسل رابطے میں ہے، نہ صرف ان سے بات چیت کی جا رہی ہے بلکہ ان کے تحفظات دور کرنے کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مسائل کو افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جا سکے۔بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ ہنہ اوڑک کے عوام نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کر کے ثابت کر دیا ہے کہ بلوچستان کے عوام اپنی سرزمین کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے ہر محاذ پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور حکومت غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔صوبائی وزرا نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت، سیکیورٹی فورسز اور عوام ایک صفحے پر ہیں اور امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی۔وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے احتجاجی شرکا سے اپیل کی کہ وہ اپنا دھرنا ختم کریں، حکومت ان کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہے اور تمام جائز تحفظات کو سنجیدگی سے حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی قبائل کے حوصلے بلند ہیں اور سیکیورٹی فورسز ان کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہیں تاکہ ہنہ اوڑک میں جلد از جلد مکمل امن بحال کیا جا سکے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].