کوئٹہ(دی باغوان)بلوچستان گڈز ٹرک ایسوسی ایشن کے صدر حاجی نور محمد شاہوانی نے کہا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافے نے گڈز ٹرانسپورٹرز کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، حکومت ڈیزل کی قیمتوں کا تعین ماہانہ بنیادوں پر کرے تاکہ ٹرانسپورٹرز کو بار بار بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات سے بچایا جا سکے۔
کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث جلائے گئے ٹرکوں کے مالکان کو فوری طور پر مناسب معاوضہ دیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قومی شاہراہوں پر ٹرانسپورٹرز کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور چیک پوسٹوں پر ڈرائیوروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔
حاجی نور محمد شاہوانی نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر بھتہ خوری کا خاتمہ کیا جائے اور ٹول ٹیکس کے اسٹیشنز کی تعداد اور ٹیکس کی شرح میں کمی لائی جائے تاکہ ٹرانسپورٹ کے شعبے پر مالی بوجھ کم ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اور سندھ کی قومی شاہراہوں پر ٹرانسپورٹرز کے خلاف چالانوں کا سلسلہ ختم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ دس ویلر ٹرک کے لیے 40 ٹن جبکہ منی مزدا کے لیے 17 ٹن وزن مقرر کیا جائے تاکہ ملک بھر میں یکساں پالیسی نافذ ہو۔
انہوں نے اعلان کیا کہ بلوچستان گڈز ٹرک ایسوسی ایشن آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ کی جانب سے **8 اگست** کو دی جانے والی ملک گیر ہڑتال کی مکمل حمایت کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].