کوئٹہ(خ ن)جامعہ گوادر اور نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنسز , کراچی کیمپس کے درمیان کمپیوٹر سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس اور جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعلیمی و تحقیقی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت کے مسودے پر دستخط کیے گئے، مفاہمتی یادداشت پر فاسٹ نیشنل یونیورسٹی کراچی کیمپس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار میمن نے اپنی جامعہ کی جانب سے جبکہ جامعہ گوادر کے چیئرپرسن شعبہ کمپیوٹر سائنس حفیظ اللہ نے جامعہ گوادر کی نمائندگی کرتے ہوئے دستخط کیے۔ اس موقع پر جامعہ گوادر کے لیکچرر شعبہ مینجمنٹ سائنسز صغیر نسیم اور فاسٹ نیشنل یونیورسٹی کی اسسٹنٹ منیجر کیریئر سروسز اینڈ انڈسٹریل لائژن محترمہ زینب شیخ بھی موجود تھیں۔ یہ پیش رفت کالجز، ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سرکاری جامعات کو فاسٹ نیشنل یونیورسٹی کے ساتھ تعلیمی تعاون کے لیے تجاویز مرتب کرنے سے متعلق جاری کردہ ہدایات کے تناظر میں عمل میں لائی گئی۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں جامعات نصاب کی تیاری و نظرثانی، تعلیمی پروگراموں کے معیار میں بہتری اور ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور نیشنل کمپیوٹنگ ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل کے مقررہ معیارات کے مطابق پروگراموں کی ایکریڈیٹیشن کے حصول کے لیے باہمی تعاون کریں گی۔ معاہدے میں مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس، سائبر سکیورٹی، سافٹ ویئر انجینئرنگ اور میری ٹائم و پورٹ ٹیکنالوجیز سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ تحقیقی منصوبوں، تحقیقی اشاعتوں، کانفرنسوں اور قومی و بین الاقوامی تحقیقی گرانٹس کے حصول کو بھی تعاون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ جامعہ گوادر کے اساتذہ اور طلبہ کو فاسٹ نیشنل یونیورسٹی کی تحقیقی سہولیات، لیبارٹریز اور علمی وسائل سے استفادے کے مواقع فراہم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت فیکلٹی ڈویلپمنٹ، اساتذہ کے تبادلے، تربیتی پروگرامز، ورکشاپس، مختصر کورسز، مشترکہ تدریسی سرگرمیوں اور اعلی تعلیم و تحقیق کے لیے علمی رہنمائی کے شعبوں میں بھی تعاون کیا جائے گا۔ اسی طرح طلبہ کے تبادلے، سمر و ونٹر اسکولز، انٹرن شپ، فائنل ایئر پراجیکٹس، تحقیقی مقالوں کی مشترکہ نگرانی، ہیکاتھونز اور تکنیکی مقابلوں کے انعقاد کے ذریعے طلبہ کی پیشہ ورانہ اور عملی مہارتوں کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ معاہدے میں خصوصی طور پر گوادر پورٹ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تناظر میں جدید کمپیوٹنگ ٹیکنالوجیز کے عملی اطلاق، مشترکہ تحقیق اور علمی سرگرمیوں کو اہمیت دی گئی ہے۔ دونوں جامعات کے درمیان طے پانے والے اس تعاون کو مثر انداز میں آگے بڑھانے، مشترکہ سرگرمیوں کی نگرانی اور مستقبل کے لائحہ عمل کی تیاری کے لیے دونوں اداروں کے شعبہ جاتِ کمپیوٹر سائنس کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ رابطہ کاری کمیٹی کے قیام کی تجویز بھی شامل ہے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].