معاہدہ مکہ خطے میں امن، استحکام اور برادر اسلامی ممالک کے اتحاد کی علامت ہے، جمال شاہ کاکڑ

معاہدہ مکہ خطے میں امن، استحکام اور برادر اسلامی ممالک کے اتحاد کی علامت ہے، جمال شاہ کاکڑ
کوئٹہ(نیوزڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے معاہدہ مکہ کو خطے میں امن، استحکام، باہمی تعاون اور مشترکہ ترقی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ پاکستان کی موثر سفارتی پالیسی، برادر ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات اور عالمی امن کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی حکومت کے وژن کا عکاس ہے۔ پاکستان سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ایسے اقدامات خطے میں امن و استحکام کے لیے مثبت پیغام ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نہ صرف تاریخی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات رکھتے ہیں بلکہ تینوں ممالک خطے کے امن، سلامتی اور ترقی کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ معاہدہ مکہ تینوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، دفاعی تعاون، اقتصادی شراکت داری اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کو مزید مضبوط کرے گا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی خارجہ پالیسی کا بنیادی مقصد دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور پاکستان کے قومی مفادات کا مثر انداز میں تحفظ کرنا ہے۔ پاکستان سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ایسے اقدامات خطے میں امن و استحکام کے لیے مثبت پیغام ہیں۔رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ آج دنیا کو امن، برداشت اور تعاون کی ضرورت ہے، ایسے میں مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی امن، خودمختاری کے احترام اور سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کا حامی رہا ہے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ معاہدہ مکہ پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا تسلسل ہے اور اس سے نہ صرف تینوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے بلکہ تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور عوامی روابط کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر خطے میں امن اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.