کوئٹہ(خ ن)معاون خصوصی برائے محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے سانحہ سول اسپتال کوئٹہ کے شہدا کی دسویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 8اگست بلوچستان کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، سانحہ کے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔اپنے ایک بیان میں بابر یوسفزئی نے کہا کہ سانحہ 8 اگست میں بلوچستان نے اپنے نامور وکلا، صحافیوں اور دیگر قیمتی انسانی جانوں سے محروم ہو کر ناقابلِ تلافی نقصان اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں قوم کے لیے ہمیشہ یادگار رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان کے عوام اور ریاستی اداروں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جبکہ امن دشمن عناصر کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔معاون خصوصی برائے محکمہ داخلہ نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوم کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہے۔بابر یوسفزئی نے دعا کی کہ اللہ تعالی سانحہ 8 اگست کے تمام شہدا کے درجات بلند فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے شہدا ہمارا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].