سانحہ 8 اگست کے شہدا کی10ویں برسی پر قرآن خوانی کااہتمام،شہداء کی قربانیاں تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، میر عطا اللہ لانگو

سانحہ 8 اگست کے شہدا کی10ویں برسی پر قرآن خوانی کااہتمام،شہداء کی قربانیاں تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، میر عطا اللہ لانگو
کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان ہائی کورٹ میں سانحہ 8اگست 2016 ء کے شہدا کی دسویں برسی کے موقع پر شہدا کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا، جس میں وکلا، شہدا کے لواحقین اور قانونی برادری سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔قرآن خوانی کا اہتمام بلوچستان ہائی کورٹ بار کونسل، بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کوئٹہ رجسٹری اور کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے مشترکہ طور پر کیا گیا۔اس موقع پر بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میر عطا اللہ لانگو نے گفتگو کرتے ہوئے سانحہ 8 اگست کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہدا نے پاکستان کے آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے ناقابل فراموش قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ سانحہ 8 اگست کو دس سال گزر چکے ہیں، تاہم اس سانحے میں شہید ہونے والے وکلا اور دیگر افراد کی قربانیاں آج بھی قانونی برادری اور قوم کے لیے یادگار ہیں۔انہوں نے بلوچستان کے وکلا کی خدمات اور جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ قانونی برادری نے مشکل حالات میں آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔صدر بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا کہ وکالت کے شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے، جبکہ نوجوان وکلا کو چاہیے کہ وہ شہدا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آئین، قانون اور انصاف کی بالادستی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے وکلا پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے آئین اور قانون کی خاطر متحد رہیں۔میر عطا اللہ لانگو نے کہا کہ 8 اگست 2016 کو ملک دشمن عناصر نے دہشت گردی کے ذریعے وکلا کی ایک پوری نسل کو نشانہ بنایا اور وکالت کے شعبے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، تاہم وکلا نے اپنے عزم اور جدوجہد سے ثابت کیا کہ دہشت گردی انہیں آئین و قانون کی بالادستی کے راستے سے نہیں ہٹا سکتی۔قرآن خوانی کے اختتام پر سانحہ 8 اگست کے شہدا سمیت ملک و قوم کی سلامتی اور امن کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.